نواز کوگھربھجوانے کے بعد اب شہباز کی بھی چھٹی کروانے کا وقت آن پہنچا ہے: عمران خان

عمران خان نے کہا ہے پورا ملک تبدیلی چاہتا ہے ،ملک کو کرپشن سے پاک کرکے اسے تعمیروترقی کا گہوارا بنانے کیلئے عوام میرا ساتھ دیں، انہیں بہترمستقبل دونگا

929330
نواز کوگھربھجوانے کے بعد اب شہباز کی بھی چھٹی کروانے کا وقت آن پہنچا ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے پورا ملک تبدیلی چاہتا ہے ،ملک کو کرپشن سے پاک کرکے اسے تعمیروترقی کا گہوارا بنانے کیلئے عوام میرا ساتھ دیں، انہیں بہترمستقبل دونگا،عوام پی ٹی آئی کی ممبر سازی کا حصہ بنیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات،ٹانڈہ ،لالہ موسیٰ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

انہوں نے کہا نوازشریف کے بارے میں چور چور کے نعرے لگتے ہیں ،نوازشریف کاموازنہ قائد اعظم سے نہیں کیاجا سکتا۔جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا جب حکمران کرپشن کرتے ہیں تو وہ عوام پر ٹیکس لگاتے ہیں اور چوری کرکے سارا پیسہ ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو تحریک انصاف کا ممبر بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا یہ حقیقی جمہوریت کا دور ہے اور اس کا مطلب عوام کی رائے سے فیصلے کرنا ہے اور ہمارا ممبر بن کر عوام ہمیں بتا سکتے ہیں کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہنا تھا اﷲ نے اس قوم کو سب دیا ہے اور جو نعمتیں اﷲ نے پاکستان کو عطا کی ہیں وہ کسی اور ملک میں نہیں ، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ جس دن ہم نے ملک کا نظام ٹھیک کرلیا اور تعلیم کو بہتر کردیا تو یہ ملک درست ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بعد اب ڈرامے باز شہباز کی باری ہے ۔انہوں نے تیس سال ملک سے پیسہ لوٹا اور باہر لیکر گئے ۔ ان کے بچے چھ سو کروڑ روپے مالیت کے گھر میں رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کا چوری کیا گیا پیسہ واپس لانا ہے اور انہیں جیلوں میں بھیجیں گے ۔

قبل ازیں عمران خان سے نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بنی گالہ میں ملاقات کی ۔جس میں عمران خان نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دی اور آئندہ بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا یقین دلایا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر ، سینیٹر فیصل جاوید ، عون چودھری اور اعجاز چودھری بھی موجود تھے ۔



متعللقہ خبریں