پاکستان کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا: صدر و وزیراعظم کا پیغام

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو پاکستان کی غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خطے کے امن و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کاجلدحل نہایت ضروری ہے

903764
پاکستان کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا: صدر و وزیراعظم کا پیغام

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو پاکستان کی غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر بھائیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو ہماری غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔

صدر ممنون نے کہا کہ مسئلہ کشمیرحل کیے بغیر پائیدارامن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عالمی برادری بھارت کو جنگی جرائم سے روکنے میں کردار ادا کرے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خطے کے امن و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کاجلدحل نہایت ضروری ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو بطور ڈھال استعمال کررہا ہے جہاں جولائی 2016 سے بھارتی مظالم کے باعث سیکڑوں کشمیری شہید اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ حریت رہنماؤں کومن گھڑت الزامات کی بنیاد پر ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کا جلد حل یقینی بنایا جائے جب کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بدترین ظلم و ستم جاری ہے۔

نہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیاروں اور پیلیٹ گن کے استعمال کا نوٹس لیں، کشمیری عام اپنے حق خودارادیت کے لیے 70 برسوں سے پر امن تحریک چلا رہے ہیں اور اس دوران انہون نے ہزاروں جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خود اردایت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

 



متعللقہ خبریں