اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی

840799
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے  ملاقات

سابق وزیراعظم نواز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی ہے جس میں پارٹی میں موجود گروپ بندی کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی، جاتی امرا رائے ونڈ میں نوازشریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال  پرتبادلہ خیال جبکہ  پارٹی امورکے اندرگروپ بندی ختم کرنے  اورپارٹی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نواز شریف سے ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کی ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرگفتگو سمیت آئندہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال اور حکمت عملی طے کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف کو مردم شماری کے تناظر میں پارلیمانی نشستوں کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اس بات کا حتمی فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف 12 نومبرکو ایبٹ آباد جلسے سے عوامی مہم کا آغاز کریں گے اور اس کے بعد آئندہ کے جلسوں کاشیڈول جاری کیا جائے گا ۔

ملاقات میں سابق وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں بھی رابطہ مہم تیز کرنے بارے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پارٹی کے اندر جاری گروپ بندی ختم کرانے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹاسک دیا۔ ملاقات میں چوہدری منیر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ جو لوگ ووٹ کے ذریعے اقتدارمیں نہیں آسکتے وہ غیر جمہوری طریقوں سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، انھوں نے اچکن اورسوٹ سلوا چکے ہیں لیکن سب کچھ دھرے کا دھرا رہ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا آئین اورقانون میں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی کوئی گنجائش نہیں، یہ ان لوگوں کی سوچ ہے جو پاکستان اور جمہوریت کو مستحکم ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے جبکہ اس موقع پر حلقہ بندیوں کے حوالے سے بات ہوئی۔ قانون سازی کے لیے تمام پارلیمانی لیڈرز پر متفق تھے لیکن کچھ جماعتوں نے تحفظات کا اظہارکیا ہے۔ پیرکے روز دوبارہ میٹنگ ہے جس میں سندھ کے خدشات کے حوالے سے گفتگو ہوگی اوراگر ضرورت پڑی تو منگل کے روز دوبارہ اجلاس ہوگا، ہمیں اس معاملے کوجلد حل کی طرف لے جانا ہے۔

ملاقات کے بعدوفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ایجنڈے کا پتہ ہے لیکن آصف زرداری نامعلوم ایجنڈے پرکام کر رہے ہیں، نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم بروقت نہ کی گئی تو عام انتخابات کی منزل دور جا سکتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو کسی بھی صورتحال میں آپس میں رابطہ ختم نہیںکرنا چاہیے، ملک میں شب خون مارکے قبضہ کرنے والے راسخ حکمرانوں اور انکے ناجائز اقتدار کو دوام بخشنے والے جج صاحبان سے جواب طلبی کاکوئی نظام نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری قیادت کے ساتھ ناانصافی اور ناجائز شکنجے میں جکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نواز شریف تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اورآئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے، کسی سے محاذ آرائی کی نہ ایساکوئی ایجنڈا ہے ، پارٹی میں بھی کوئی اختلافات نہیں ،نواز شریف اورشہباز شریف کا اپنا اپنا طرز بیان ہے۔



متعللقہ خبریں