پاک بحریہ کے نئے سربراہ نے اپنا عہدہ سنبھال لیا

ہم روایتی حریف (بھارت) کے اسلحہ کے بڑھتے انبار سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، ہم ہر طرح سے مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں، سابق سربراہ پاک بحریہ

822102
پاک بحریہ کے نئے سربراہ نے اپنا عہدہ سنبھال لیا

پاک بحریہ کے نئے سربراہ  ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تبدیلی کمان کی تقریب نیول ہیڈ کوارٹرز  اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ جس دوران  ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے نئے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کو کمان سونپی اور انہیں  مبارکباد  دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اپنے الوداعی خطاب کے دوران سابق ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہا کہ پاکستان اللہ کا خاص انعام ہے، یہ وطن ہمارے آباو اجداد کی بے لوث  محنت اور  عظیم  قربانیوں سے معرض وجود میں آیا، اس کا دفاع ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے اور جب میں نے کمان سنبھالی تھی تو چاہتا تھا کہ نیوی کثیر الجہتی، حربی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ اعتبار سے بہترین ہو اور آج پاک بحریہ دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی  ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہم روایتی حریف (بھارت) کے اسلحہ کے بڑھتے انبار سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، ہم ہر طرح سے مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں،پاکستان نیوی کی حربی تیاریاں کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مضبوط ہیں"۔

انہوں نے حکومت، پاک آرمی اور فضائیہ کی حمایت اور کلیدی تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے مابین باہمی ربط اور تعاون ہمارے لیے قابل فخر ہے۔

 



متعللقہ خبریں