اسحاق ڈار احتساب عدالت پیش، فرد جرم کی کارروائی کیلئے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر

دوران سماعت اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کے خلاف ریفرنس 23 جلدوں پر مشتمل ہے اس لئے اسے پڑھنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے

813405
اسحاق ڈار احتساب عدالت پیش، فرد جرم کی کارروائی کیلئے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر

وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔  اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو فرد جرم کے لیے 27 ستمبر کو طلب کرلیا۔ 

احتساب عدالت  میں جج محمد بشیر نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے ریفرنس کی سماعت کی۔ 

دوران سماعت اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کے خلاف ریفرنس 23 جلدوں پر مشتمل ہے اس لئے اسے پڑھنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

احتساب عدالت کے جج نے وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو 6 ماہ کے اندر ٹرائل مکمل کرنا ہے، اگر ایک ہفتے کی مہلت دی تو مقررہ مدت میں کیس نہیں نمٹایا جاسکتا۔

جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ ریفرنس پڑھنے کے لئے 2 دن کافی ہیں، عدالت روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرے گی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کی اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کے لئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔

اس سے قبل 20 ستمبر کو ہونے والی سماعت کے موقع پر احتساب عدالت نے عدم پیشی پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر اگر وزیر خزانہ پیش نہ ہوئے تو پھر عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرے گی۔  

 



متعللقہ خبریں