مسلم لیگ نون کی قسمت میں شکست لکھی جاچکی ہے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ جب صفائی دینے کا وقت تھا تب شریف خاندان نے کوئی صفائی پیش نہیں کی اور اب کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوگئی ہے، نواز شریف خود ہی بتادیں کہ سازش کون کررہا ہے

785628
مسلم لیگ نون کی قسمت میں شکست لکھی جاچکی ہے: عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑا اہم وقت آ گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب صفائی دینے کا وقت تھا تب شریف خاندان نے کوئی صفائی پیش نہیں کی اور اب کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوگئی ہے، نواز شریف خود ہی بتادیں کہ سازش کون کررہا ہے۔

شریف فیملی کو پارلیمنٹ اور جے آئی ٹی میں صفائی کا موقع ملا، لمبی انویسٹی گیشن کے بعد پانچ ججز نے فیصلہ دیا، اب نواز شریف کہتا ہے کہ فیصلہ نہیں مانتا، سازش ہو گئی۔

 انہوں نے کہا کہ اس ملک کیخلاف سب سے بڑی سازش ہو رہی ہے، مجرم کی نیب میں پیشی ہونے والی ہے اور وہ سرکاری خرچے پر لاہور جا رہا ہے، یہ پاکستان کیخلاف سازش ہے۔

 عمران خان نے مزید کہا کہ جیلوں میں سارے چوروں کے برابر ان کے ایک بیٹے کے گھر کی مالیت ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف نیب سے خوفزدہ ہیں، انہیں علم ہے کہ نیب کیسز میں یہ پھنس جائیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ نواز شریف نے لوگوں کو بیوقوف بنانے کا جرم بھی کیا ہے، اتنے چارجز کسی بھی چور پر عائد نہیں ہوتے جتنے نواز شریف پر عائد ہوتے ہیں، نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، نواز شریف قوم کو بتائیں کیا سازش ہو رہی ہے؟

عائشہ گلالئی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات ہوں، پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کے لوگ وضاحت پیش کریں گے، یہ کوئی انصاف نہیں کہ ایک کمیٹی بنادی جس میں سارے ہمارے مخالفین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عائشہ گلالئی پر الزام نہیں لگایا جس نے لگایا وہ ثبوت دے۔

 



متعللقہ خبریں