پانامہ کیس تحقیقات، جے آئی ٹی سپریم کورٹ میں آج رپورٹ جمع کرائے گی،اسلام آباد ہائی الرٹ

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کسی بھی صورت حال سے نپٹنے کے لئے ریڈ زون کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے اندر اور اطراف میں بھی پولیس اور رینجرز کے اہلکارتعینات کردئیے گئے ہیں

767530
پانامہ کیس تحقیقات، جے آئی ٹی سپریم کورٹ میں آج رپورٹ جمع کرائے گی،اسلام آباد ہائی الرٹ

پاناما لیکس کیس میں جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے 13 سوالات کی تحقیقات مکمل کرلیں ، اہم شخصیات کے ریکارڈ بیانات اور دستاویزات کی تفتیش کا تمام نچوڑ آج رپورٹ کی شکل میں سپریم کورٹ کو پیش کیا جائے گا ۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کسی بھی صورت حال سے نپٹنے کے لئے ریڈ زون کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے اندر اور اطراف میں بھی پولیس اور رینجرز کے اہلکارتعینات کردئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی جے آئی ٹی آج بروز (پیر) اپنی  سپریم کورٹ میں پیش کرے گی ،تحقیقاتی ٹیم کے ارکان اتوار کو چھٹی کے روز بھی جوڈیشل اکیڈمی کی عمارت میں رپورٹ مرتب کرنے میں مصروف رہے۔

پاناما کیس کی تحقیقاتی کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے وزیراعظم نوازشریف، ان کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز ، صاحبزادی مریم نواز ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، کیپٹن (ر) صفدرو دیگر سے پوچھ گچھ کی۔تحقیقات کے دوران لئے گئے بیانات اور دستاویزات کی چھان بین سے کیا حاصل ہوا؟اس کا سارا نچوڑآج عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کیاجائےگا۔

 یہ رپورٹ وزیر اعظم نوازشریف کے سیاسی مستقبل کا تعین کرے گی ، قومی سیاست پر بھی اس کے دور رس اثرات ہونگے ۔ پاناما کیس میں جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ آج معاملے کی سماعت کریگا ۔ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا اپنے تمام ارکان کے ہمراہ حتمی رپورٹ بینچ کو پیش کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ پانچ سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے ۔ ذرائع کے مطابق اتوار کے روز جے آئی ٹی کا اجلاس واجد ضیا کی سربراہی میں ہوا ، جس میں حتمی رپورٹ کی تیاری کا کام جاری رہا، رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں پر لگنے والے الزامات کے درست یا غلط ہونے سے متعلق حقائق پر مبنی ہو گی ۔ رپورٹ میں جے آئی ٹی کی سفارشات بھی شامل ہونگی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے  قطری شہزادے حماد بن جاسم سے ہونے والی خط وکتابت کے جائزے سمیت تمام بیانات اورشواہد کو دستاویزی شکل دی گئی ہے، بیرون ملک سے حاصل ہونے والے شواہد کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا جب کہ آڈٹ فرمزکی رپورٹ اور دبئی سے ملنے والی دستاویزات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، ریڈ زون میں ہائی الرٹ کے ساتھ عدالت عظمیٰ کے اندر بھی پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کے کارکنا ن کو اسلام آباد آنے سے روک دیا ہے تاکہ وفاقی دارلحکومت میں کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی نہ ہوجبکہ عمران خان خود بھی سپریم کورٹ نہیں جائیں گے۔

 

 



متعللقہ خبریں