وزیراعظم نواز شریف کا سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کا حکم

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے۔ اس طرح کے مواد کو ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کئے جائیں

690922
وزیراعظم نواز شریف  کا سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کا حکم

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ یہ ہمارے دین کی اساس ہے۔ حضور ﷺ کی شان میں کسی طرح کی بھی گستاخی نا قابل معافی ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حقیقت نہیں بھولنی چاہئے کہ حضرت محمد ﷺ ، پوری انسانیت کے محسن ہیں۔ ناموس رسالت ؐ کے بارے میں مسلمانوں کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہئے۔ 
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے۔ اس طرح کے مواد کو ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کئے جائیں۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس طرح کا مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگانے اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دلانے کیلئے متحرک ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کے ناموس رسالت ؐ کے قانون کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے والوں کا بھی کڑا محاسبہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کے سوشل میڈیا کے بین الاقوامی اداروں سے بھی رجوع کر کے گستاخانہ مواد کی بندش کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ موثر کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس سلسلے میں عدالتی گائیڈ لائن کے مطابق تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ 
وزیراعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر گستاخانہ مواد کی بندش کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کریں اور اس کے ذمہ داروں کو بلاتاخیر کیفر کردار تک پہنچائیں اور اس انتہائی قابل مذمت اقدام کی مکمل بیخ کنی کریں ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔



متعللقہ خبریں