انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی ضامن ہے: صدرممنون حسین

تعلیم وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کا مستقبل حال سے بہتر بنا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ معیشت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بدلتی ہوئی اقدار کا ساتھ دینے کے لیے طریقہ تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں

660175
انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی ضامن ہے: صدرممنون حسین

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی ضامن ہے، تعلیم وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کا مستقبل حال سے بہتر بنا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ معیشت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بدلتی ہوئی اقدار کا ساتھ دینے کے لیے طریقہ تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں اور تعلیم کو تحقیق کے ساتھ مربوط کر کے نوجوانوں کے لیے علم کے دروازے کھولے جائیں۔

 صدر مملکت نے یہ بات ایئر یونیورسٹی میں ”قومی معیشت کی ترقی میں تعلیم کا کردار“کے موضوع پر منعقدہ مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں ایئرمارشل فاروق حنیف ، وائس چانسلرایئر یونیورسٹی، ایئر وائس مارشل ریٹائرڈفائز امیر اور معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعد اد نے شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ علم کے فروغ کے لیے مکالمے کی آزادانہ فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آزاد مکالمے کے ذریعے ہی قوموں پر ترقی کا دروازہ کھل سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وسائل کی کمی کی وجہ سے خواہش کے باوجود تعلیم پر زیادہ وسائل خرچ نہیں ہو پا رہے تاہم حکومت تعلیمی شعبے پر تمام دستیاب وسائل خرچ کررہی ہے تاکہ ملک میں افرادی قوت کی تیاری پر سرمایہ کاری کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جاسکے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیار کرنے میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا خصوصی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیمی شعبے میں سرمایہ لگاتی ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں حالات بہتر ہو رہے ہیں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی صورت میں نئے مواقع ہمارے دروازوں پر دستک دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور بجلی کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل سے پاکستان کو خودانحصاری کے حصول میں مددملے گی۔
صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے ثمرات کے حصول کیلئے تیار کریں۔
ممنون حسین نے کہا کہ حکومت بھی افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔



متعللقہ خبریں