پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی آج 89 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 89ویں یوم پیدائش کے موقع پر جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ نوجوان مذہبی جنونیوں اور انتہا پسندوں كی سازشوں كو ختم كرنے كے لیے آپس میں اتحاد پیدا كریں

644691
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی آج 89 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی 89 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 89ویں یوم پیدائش کے موقع پر جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ نوجوان مذہبی جنونیوں اور انتہا پسندوں كی سازشوں كو ختم كرنے كے لیے آپس میں اتحاد پیدا كریں كیونكہ یہ مذہبی انتہاپسند ریاست اور ملك كے جمہوری ڈھانچے كو تباہ كرنے كے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہی تھے جنہوں نے ملك كو اور اس كے جمہوری ڈھانچے كو مستحكم كرنے كے لیے انتھك محنت كی اور اپنی جان ملك اور جمہوریت كے لیے قربان كر دی۔

سابق صدر نے كہا كہ اس سال شہید ذوالفقارعلی بھٹو كے یوم پیدائش پر عوام كا اتحاد ہی انہیں خراج عقیدت پیش كرنے كا بہترین طریقہ ہے، ذوالفقاربھٹو جمہوریت كی علامت تھے اور وہ عوام كی طاقت پر پختہ یقین ركھتے تھے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایك جانب عوام كی طاقت كی علامت تھے اور دوسری جانب ڈكٹیٹرشپ اور ظلم كے خلاف مزاحمت كا كردار تھے، جمہوریت اور عوام كی طاقت كے لیے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی، ذوالفقار علی بھٹو نے ملك كو سیاسی طور پر مستحكم كیا اور ایك متفقہ آئین دیا، اس كے ساتھ ساتھ انہوں نے بیرونی خطرات سے نمٹنے كے لیے افواج پاكستان كو بھی مستحكم كیا۔

  ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ ان کے والد سر شاہنواز بھٹو جونا گڑھ کی مسلم ریاست میں دیوان تھے۔ بھٹو نے 1950 میں برکلے یونیورسٹی سے سیاسیات میں گریجوایشن کی اور 1952 میں آکسفورڈ سے قانون کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1953 میں وکالت کا آغاز کیا۔ بھٹو ایوب خان کی حکومت میں وزیر تجارت رہے۔ 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور 1971 سے 1973 تک ملک کے صدر کے عہدے پر کام کرتے رہے۔ 14اگست 1973 کو نئے آئین کے تحت ملک کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ 1977 کے انتخابات میں دھاندلی کے باعث ملک میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہو گئی جس کے بعد اس وقت کے آرمی چیف جنرل ضیا ء الحق نے ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا۔ ستمبر 1977 میں انہیں نواب محمد احمد خان کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 4 اپریل 1979 کو انہیں پھانسی دے دی گئی۔ سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی کے تمام ضلعی دفاتر، ہیڈ کوارٹرز میں سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جس میں پارٹی کارکنان عہدیداران اور اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے انہیں خراج تحسین پیش کریں گے   -



متعللقہ خبریں