قومی ایکشن پلان کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع کا فیصلہ، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس جاری

قومی ایکشن پلان پر عمل کے حوالے سے سیاسی اور عسکری قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج پھر ہورہا ہے، وزیراعظم نوازشریف اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں

549576
قومی ایکشن پلان کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع کا فیصلہ، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس جاری

وفاقی حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے قومی ایکشن پلان کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے،دہشت گردی کے خلاف ترمیمی قوانین میں سقم کو دورکرنے اور مزید اصلاحات کیلیے پارلیمنٹ سے نئی آئینی ترمیم منظور کرائی جائے گی۔

قومی ایکشن پلان پر عمل کے حوالے سے سیاسی اور عسکری قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج پھر ہورہا ہے، وزیراعظم نوازشریف اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے بعد دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ مزید تیز کرنے کافیصلہ کیا گیا، قومی اور عسکری قیادت آج پھر اسلام آباد میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہیں ۔اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بھی غور کیا جا رہا ہے۔

فوجی عدالتوں کے دائرہ کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اداروں کو مزید اختیارات تفویض کرنے کے لیے بھی قانون سازی پر غور کیا جارہا ہے ۔نئی قانون سازی کی سفارشات مرتب کرنے کیلیے آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کی جائے گی۔

وفاق نے دہشت گردی کے خلاف قوانین کو موثر بنانے اور ان پر عملدرآمد کے لیے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو موجودہ قوانین کے جائزے اور نئی قانون سازی کے حوالے سے فوری سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ یہ فیصلے بدھ کو وزیراعظم کی صدارت میں امن و امان اور قومی ایکشن پلان کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد کیے گئے۔

 



متعللقہ خبریں