پہلے وزیراعظم نواز شریف کا اور بعد میں دیگرسیاستدانوں کا احتساب ہوگا: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ میاں صاحب پرپاناما لیکس کے معاملے پر الزامات ثابت ہوئے تووہ گھر نہیں جیل جائیں گے ۔وزیراعظم پر منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری،کرپشن اور الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولنے جیسے چار سنگین الزامات ہیں

482453
پہلے وزیراعظم  نواز شریف کا اور بعد میں دیگرسیاستدانوں کا احتساب ہوگا: عمران خان

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہوتو جواب مانگنا حق بن جاتا ہے اور وزیراعظم کو قومی خزانے کا غلط استعمال کرنے پر قوم کو جواب دینا ہوگا جب کہ  پہلے وزیراعظم کا اور بعد میں دیگر کا احتساب ہوگا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ میاں صاحب پرپاناما لیکس کے معاملے پر الزامات ثابت ہوئے تووہ گھر نہیں جیل جائیں گے ۔وزیراعظم پر منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری،کرپشن اور الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولنے جیسے چار سنگین الزامات ہیں، انہیں خود کو بے قصور ثابت کرنا پڑے گا۔نواز شریف حکومت کرنے کا اخلاقی جوا ز کھو چکے ہیں۔

 چیئرنگ کراس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاجب ملک کا سربراہ کرپٹ ہو تو وہ کسی دوسرے کو کرپشن سے کیسے روک سکتا ہے ۔عام آدمی اور لیڈر وں سے ایک جیسے اخلاقی معیار کی توقع نہیں کی جاتی، لیڈروں سے اعلیٰ ترین اخلاقی معیار کی توقع کی جاتی ہے تاکہ وہ معاشرے کے لئے مثال بنیں۔

عمران خان نے حکومت کو احتساب کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وزیراعظم کا اور بعد میں دیگر کا احتساب ہوگا،ہمیں 200 لوگوں کا نہیں پہلے آپ کا احتساب چاہئے، جب تک وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوگا اس وقت تک وہ کسی کو منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری سے نہیں روک سکتے، کرپشن ختم کرکے پاکستان کوعظیم ملک بنا سکتے ہیں، سب پیچھے بھی ہٹ گئے تب بھی عمران خان کرپشن کے خاتمے کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گا، اپنے ملک کو ٹھیک کرنے کے لئے یہ سنہری موقع ہے کہ ملک میں آزاد احتساب ادارہ ، الیکشن کمیشن اور آزاد نادرا کا ادارہ بنانے کے لئے کوشش کی جائے، اگر کرپشن ختم کردیں تو بیرون ملک مقیم پاکستانی یہاں پیسہ لاسکتے ہیں، جب تک کرپشن کا بت نہیں ٹوٹے گا اس وقت تک ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا آج تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر ٹی او آرز( ضابطہ کار) تیار کرینگی جس کے بعد حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے ، جو صرف وزیر اعظم کا احتساب کرے ۔ شفاف الیکشن اور احتساب سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے کمزور نہیں۔وزیر اعظم کا احتساب کروا کر رہیں گے ۔



متعللقہ خبریں