پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ پہلے 5 ملکوں میں

ایک برطانوی ادارے نے سن 2014 کی دہشت گردی کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ جاری کی ہے

366984
پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ پہلے 5 ملکوں میں

انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس لندن نے عالمی دہشت گردی پر گلوبل انڈیکس ٹیررازم ۔2014 پر رپورٹ جاری کی ہے۔
برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد حملوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان پہلے 5 ممالک میں شامل ہے،جبکہ دنیا بھر میں دہشت گردی سے ہلاکتوں میں بھی 80 فیصد تک اضافے کا مشاہدہ ہوا ہے تو اس تعداد کا 78 فیصد انہی 5 ملکوں سے تعلق رکھتا ہے۔
ادارے کی رپورٹ میں 162 ممالک میں ہونے والے دہشت گرد حملوں، اموات اور مالی نقصانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ جس میں لکھا گیا ہے کہ سن 2014 میں دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والی غیر طبعی اموات میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے اور 32 ہزار 658 افراد دہشت گردی کی کارروائیوں کا نشانہ بنے ہیں ۔ اس سے قبل سن 2013 میں 18 ہزار 111 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں دہشت گرد حملوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک عراق، شام، افغانستان، پاکستان اور نائیجیریا ہیں۔ دنیا بھر میں دہشت گردی سے ہونے والی ہلاکتوں کے نصف کی ذمہ دار تنظیمیں بوکو حرام اور داعش ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس کے سربراہ اسٹیوکلیلیا کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں دہشت گردی تیزی سے پھیل رہی ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں مالی نقصانات 50 ارب ڈالر سے زائد ہیں جو کہ 2000 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں