الطاف حسین نے نیٹو اور بھارت سے مدد نہیں مانگی ہے: فاروق ستار

رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے دوران بھارت سے کسی بھی قسم کی مدد اور مداخلت کی بات نہیں کی اور ان کی تقریر آئین سے متصادم بھی نہیں

312367
الطاف حسین  نے  نیٹو اور بھارت سے مدد نہیں مانگی ہے: فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے لندن میں مقیم اپنے قائد کی جانب سے "ہندوستان، نیٹو اور امریکا سے مدد" طلب کرنے کی تردید کردی ہے۔
رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے دوران بھارت سے کسی بھی قسم کی مدد اور مداخلت کی بات نہیں کی اور ان کی تقریر آئین سے متصادم بھی نہیں جب کہ وہ مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو الگ نہیں کیا جاسکتا، لندن میں کیس 5 سال سے چل رہا ہے تو کیا الطاف حسین ایسی باتیں 5 سال سے کر رہے ہیں۔
ہفتے کی شب ایم کیو ایم امریکا چیپٹر کے 19ویں سالانہ کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے کہا تھا کہ "کارکن اقوام متحدہ اور نیٹو ہیڈ کوارٹرز جا کر ان سے کراچی میں فوج بھیجنے کا کہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کس نے قتل عام کیا اور کون کون اس کا ذمہ دار تھا"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہندوستان خود بزدل اور ڈرپوک ہے، اگر اس میں غیرت ہوتی تو پاکستان کی سرزمین پر مہاجروں کا خون نہیں ہونے دیتا"۔
ایم کیو ایم سربراہ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ "فوجی اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر میرے خلاف ملک بھر کے پولیس اسٹیشنز میں 150 سے زائد غداری کے مقدمات قائم کیے گئے، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اکیلا الطاف حسین پانچ لاکھ فوج سے ڈرتا ہے یا پانچ لاکھ فوج الطاف حسین سے ڈرتی ہے۔"
الطاف حسین کے بیان کے بعد ہونے والی شدید تنقید کے جواب میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے رات گئے ایک پریس کانفرنس کی گئی۔
پریس کانفرنس کے دوران پارٹی رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ "الطاف حسین کی تقریر آئین پاکستان کے دائرہ کار کے اندر تھی".
انھوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین لازم و ملزوم ہیں، "وہ مہاجروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انھوں نے 5 کروڑ مہاجروں کی جانب سے ہی بات کی".
ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے کراچی میں فوج کی حمایت میں بھی ریلیاں نکالی ہیں، لیکن شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے متعدد کارکن "لاپتہ" ہیں، درجنوں کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا جبکہ سینکڑوں بغیر کسی الزام کے زیرِ حراست ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں