یمن کے حوالے سے غیر جانبدار رہنے پر پاکستان کو سخت انتباہ

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ انور محمد قرقاش نے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ یمن میں اتحادیوں کی جنگ میں پاکستان کی غیر جانبداری کی قیمت بھاری ہو گی

233775
یمن کے حوالے سے غیر جانبدار رہنے پر پاکستان کو سخت انتباہ

متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر انور محمد قرقاش نے پاکستان کے یمن کے تنازعے میں غیر جانبدار رہنے کے فیصلے پر پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس اہم مسئلے پر متضاد اور مبہم رائے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں شامل نہ ہونے کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ کی قرارداد غیر متوقع ہے۔ پاکستان کے لئے بہتر ہے کہ وہ خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے واضح موقف اپنائے کیونکہ اسے مبہم موقف کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑسکتی ہے۔
انور قرقاش کا مزید کہنا تھا کہ خلیج عرب اس وقت انتہائی نازک دوراہے پر کھڑاہے۔ پاکستان اور ترکی کے مبہم مؤقف سے ثابت ہوتا ہے کہ لیبیا سے یمن تک کی سلامتی کی ذمہ داری صرف اور صرف عرب ممالک پر ہی عائد ہوتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے لئے ایران کی اہمیت خلیجی ممالک سے زیادہ ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اماراتی وزیر خارجہ کے بیان پر تصبرہ کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ان کے پاس اس بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔انھوں نے اس ضمن میں مزید کوئی بات کرنے سے بھی انکار کیا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں