پاکستان کے بھارت کےساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مددگار ہوں گے: کیری

انہوں نےمنگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے تعاون کرنے پر تیار ہے

182966
پاکستان کے بھارت کےساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مددگار ہوں گے: کیری

متحدہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے بہتر تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں جنھیں سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نےمنگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے تعاون کرنے پر تیار ہے۔
اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ ہے، مذاکرات کے دوران خطے کی صورت حال اور امن وامان پر بات ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان کا تحفظات کا اظہار کیا۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کہتے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر کے لئے خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا۔


مشیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں مربوط اورمضبوط آپریشن شروع کررکھا ہے، پاکستان نے اپنی مغربی سرحد پرامن کے لئے ایک لاکھ 70 ہزار فوج تعینات کی۔ آپریشن ضرب عضب کےبعد حقانی نیٹ ورک کو ختم کردیا گیا ہے اور اب وہ سرحد پار کارروائیاں نہیں کرسکتا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان آنے پر خوشی ہوئی، اسٹریٹجک مذاکرات پاک امریکا دوستی کو مضبوط کریں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اور عوام کو بہت دکھ ہوا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان، امریکا سمیت دوسرے ممالک کے لئے بھی خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا، افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔
جان کیری نے شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیزکی واپسی کے لیے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر دینے کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خطے کی سلامتی میں نہایت اہم کردار ہے اور امریکہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں