حماس نے ایران پاسدارانِ انقلاب فورسز کا بیان مسترد کر دیا

ہم تصدیق کرتے ہیں کہ فلسطینی مزاحمت کے تمام اقدامات صیہونی قبضے اور اس کی طرف سے ہمارے عوام اور مقدس مقامات پر جاری حملوں کے خلاف بطور ردعمل کئے جا رہے ہیں: حماس

2081516
حماس نے ایران پاسدارانِ انقلاب فورسز کا بیان مسترد کر دیا

حماس نے ، 7 اکتوبر کے "اقصیٰ طوفان" سے متعلق ، ایران پاسداران انقلاب فورسز کے ترجمان کا بیان مسترد کر دیا ہے۔

حماس نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ "حماس،اقصیٰ طوفان آپریشن اور اس آپریشن کی وجہ سے متعلق ، ایران پاسدارانِ انقلاب  فورسز کے ترجمان برگیڈیئر رمضان شریف کےبیان کو مسترد کرتی ہے"۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "اقصیٰ طوفان کی وجوہات قبل ازیں متعدد دفعہ بیان کی جا چکی ہیں۔ ان وجوہات میں سرفہرست وجہ مسجدِ اقصیٰ کو درپیش خطرات کی بر طرفی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ فلسطینی مزاحمت کے تمام اقدامات صیہونی قبضے اور اس کی طرف سے ہمارے عوام اور مقدس مقامات پر جاری حملوں کے خلاف بطور ردعمل کئے جا رہے ہیں"۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے قبل ازیں حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کئے گئے حملے " اقصیٰ طوفان " سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔

اس بیان کے باوجود آج  دارالحکومت تہران میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایران پاسداران انقلاب فورسز   کے ترجمان نے کہا ہے کہ "7 اکتوبر  کو کیا گیا "اقصیٰ طوفان آپریشن" ایرانی جرنیل قاسم سلیمانی کے قتل کے انتقاموں میں سے ایک تھا اور یہ انتقام جاری رہیں گے"۔

یاد رہے کہ امریکہ نے 3 جنوری 2020 کو  بغداد انٹرنیشنل ایئر پورٹ  کے قریب حملہ کر کے ایران پاسدارانِ انقلاب فورسز  کی "القدس  فورس" کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا تھا۔ ایرانی حکام نےجاری کردہ بیانات میں کہا تھا کہ  اس قتل کا انتقام لیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں