اردن: اسرائیل کو تنبیہی مراسلہ

اردن، اسرائیل کے وزیر برائے پبلک سکیورٹی گیلاڈ ایرڈن کے مسجد اقصی کی حیثیت میں تبدیلی اور اس سے مشابہ بیانات کی تردید کرتا ہے: سفیان القدات

1252369
اردن: اسرائیل کو تنبیہی مراسلہ

اردن نے اسرائیل کے وزیر برائے پبلک سکیورٹی گیلاڈ ایرڈن  کی مسجد اقصیٰ کی حیثیت  کو تبدیل کرنے سے متعلق اپیل کے خلاف اسرائیل کو تنبیہی مراسلہ روانہ کیا ہے۔

اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان القدات نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ اردن، اسرائیل کے وزیر برائے پبلک سکیورٹی گیلاڈ ایرڈن کے مسجد اقصی کی حیثیت میں تبدیلی اور اس سے مشابہ بیانات کی تردید کرتا ہے۔

قدات نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی موجودہ تاریخی و  آئینی حیثیت میں تبدیلی خطرناک نتائج  پیدا کر سکتی ہے۔

بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق  کی رُو سے اسرائیل کے ایک قابض  قوت ہونے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے لئے ضروری ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کو بلا کم و کاست پورا کرے اور مسجد اقصیٰ کی حیثیت کا احترام کرے۔

سفیان القدات نے اسرائیلی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کاروائیوں کو فی الفور اور مکمل طور پر بند کیا جائے ۔

انہوں نے وزیر برائے پبلک سکیورٹی گیلاڈ کے بیانات کے خلاف احتجاج  کے لئے سفارتی راستے سے  سرکاری تنبیہی مراسلہ بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر برائے پبلک سکیورٹی گیلاڈ ایرڈن نے یہودیوں کے بھی عبادت کرنے کے لئے مسجد اقصیٰ کی حیثیت تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی۔

حرم شریف کی حیثیت، دورِ عثمانیہ سے لے کر اب تک القدس اسلامی وقوف  کے زیر انتظام، مسجد اقصیٰ  میں صرف مسلمانوں  کو عبادت کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

متعصب یہودیوں نے  عید الضحیٰ کے پہلے دن گروپوں کی شکل میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا تھا جسے روکنے کے خواہش مند فلسطینیوں  کے خلاف اسرائیلی فوج کے تشدد کے نتیجے میں 61 فلسطینی زخمی ہو گئے  تھے جن میں سے 15 کو ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا  تھا۔

یاد رہے کہ مسجد اقصیٰ  اور القدس وقوف ، اسرائیل اور اردن کے درمیان 26 اکتوبر 1994 میں طے پانے والے امن سمجھوتے کی رُو سے ارد ن کی وزارت برائے مقدسات و امورِ اسلامی سے منسلک  شعبہ القدس اسلامی وقوف  کے زیر حمایت  کام کرتے ہیں۔



متعللقہ خبریں