مصر میں دہشت گرد حملے میں 20 افراد لقمہ اجل

مصری صدر عبدالفتح الا سیسی نے اس سانحہ کے حوالے سے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا

1248737
مصر میں دہشت گرد حملے میں 20 افراد لقمہ اجل

مصری انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کل دارالحکومت قاہرہ میں 20 افراد کی ہلاکت اور 47 کے زخمی ہونے کا موجب بننے والا دھماکہ ایک دہشت گرد کاروائی تھا۔

دفتر داخلہ نے ایک تحریری اعلان میں واضح کیا ہے کہ کل رات گئے قاہرہ کے ایک  کینسر انسٹیٹیوٹ کے جوار میں مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کی تین گاڑیوں سے  ٹکر کے ساتھ ہی زور دار دھماکہ ہوا تھا۔

اعلامیہ  کے مطابق مخالف سمت سے آنے والی گاڑی پر بم نصب تھا اوراس کا ہدف کسی دوسرے سٹریٹیجک علاقے میں دہشت گرد کاروائی کرنا تھا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  خود کش حملہ آور  کار مسروقہ تھی اور اس بات کا تعین ہوا ہے کہ اس  کاروائی کی منصوبہ بندی  اخوان المسلمون سے منسلک تحریک ِخصم  نے کی تھی۔

دریں اثناء مصری صدر عبدالفتح الا سیسی نے اس سانحہ کے حوالے سے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

ایوان ِ صدر کے سرکاری فیس بک  اکاؤنٹ  پر جاری کردہ پیغام میں الا سیسی نے اس حملے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی مغفرت کی دعا کی ہے  اور لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب کل رات قاہرہ میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے  کی متعدد ممالک نے مذمت کی ہے۔

امریکہ کے قاہرہ میں سفارتخانے نے ایک تحریری بیان میں "دہشت گرد" کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

سعودی دفترِ خارجہ نے بھی اس  حوالے سے اپنے اعلان میں انسداد ِ دہشت گردی میں مصر کے شانہ بشانہ ہونے  کا پیغام  دیا ہے۔

بحرین، عراق، متحدہ عرب امارات اور فلسطین سمیت عرب پارلیمنٹ  نے بھی اس مذموم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مصر سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔



متعللقہ خبریں