لیبیا میں قومی حکومت کی تشکیل پر فریقین رضا مند

لیبیا کے تمام متحارب فریقین نے طویل مذاکرات کے بعد وزیراعظم فایز السراج کی سربراہی میں نئی قومی حکومت کی تشکیل سے اتفاق کیا ہے

390123
لیبیا میں قومی حکومت کی تشکیل پر فریقین رضا مند

لیبیا کے تمام متحارب فریقین نے طویل مذاکرات کے بعد وزیراعظم فایز السراج کی سربراہی میں نئی قومی حکومت کی تشکیل سے اتفاق کیا ہے۔
لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برناردینو لیون نے اس نئی حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے جس میں سترہ وزرا شامل ہیں۔
انھوں نے مراکشی شہر الصیخرات میں بتایا ہے کہ ایک سال کے طویل عمل اور لیبیا کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والی ڈیڑھ سو سے زیادہ شخصیات کے ساتھ بات چیت کے بعد اب وہ مرحلہ آگیا ہے کہ ہم قومی اتحاد کی ایک حکومت تجویز کرسکتے ہیں۔
انھوں نے نئی حکومت کابینہ کے بارے میں بتایا کہ اس میں تین نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔لیبیا کے مغربی ،مشرقی اور جنوبی علاقے سے ایک ایک نائب وزیراعظم حکومت شامل کیا گیا ہے اور چھ ارکان پر مشتمل صدارتی کونسل تشکیل دی گئی ہے۔
السيد احمد امعيتيق کو مغربی لیبیا، فتحی المجبری کو مشرق اور موسىٰ الكونی کو جنوب سے نائب وزیراعظم بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ حکومت کامیاب ہوسکتی ہے اور لیبیائی عوام کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیدریکا موگیرینی نے لیبیا میں نئی قومی حکومت کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور اس کی امداد کے لیے دس کروڑ یورو دینے کا وعدہ کیا ہے۔
لیبیا میں جاری بحران کے حل کے لیے مراکش سے قبل اس سال کے اوائل میں جنیوا میں اقوام متحدہ کی میزبانی اور ثالثی میں مذاکرات ہوئے تھے۔ان میں مختلف سیاسی گروپوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
یاد رہے کہ ان مذکرات میں بھی متحارب گروہوں نے ملک میں قومی اتحاد کی حکومت کے قیام اور خانہ جنگی کے خاتمے کے سمجھوتے پر اتفاق کیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد کی نوبت نہیں آئی تھی ۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں