امریکہ کے صدر کی شاہ سلمان سے ٹیلیفونک ملاقات

صدر بارک اوباما سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو کیمپ ڈیوڈ سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔

272440
امریکہ کے صدر کی شاہ سلمان  سے ٹیلیفونک ملاقات

صدر بارک اوباما سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو کیمپ ڈیوڈ سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے امریکی صدر بارک اوباما نے ٹیلی فون پر کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ شاہ سلمان نے امریکی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بارپھر کیمپ ڈیوڈ سربراہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکنے پر معذرت کی اور کہا کہ وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کی نمائندگی کے لیے بھیج رہے ہیں۔دونوں لیڈروں نے فون پر گفتگو کے دوران امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے ،علاقائی و عالمی امور سے متعلق مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔
وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں لیڈروں نے علاقائی تنازعات کو طے کرنے کے لیے خلیج تعاون کے رکن ممالک سے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔امریکی صدر نے سعودی عرب کے خلاف کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں اس کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔دونوں لیڈروں نے بات چیت کے دوران چھ بڑی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری تنازعے پر ایک ایسے جامع سمجھوتے کی ضرورت پر زوردیا ہے جو ایران کے جوہری پروگرام کی پرامن نوعیت کو یقینی بنائے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایران کی جانب امریکی جھکاو پر اپنا سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، کیمپ ڈیوڈ سربراہ کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد امریکی صدر بارک اوباما نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ٹیلی فون کیا۔ ادھر، وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے ان دعووں کو غلط قرار دیا کہ سعودی شاہ سلمان کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنا، سعودی عرب کی جانب سے امریکا کے لیے پیغام ہے ۔ انھوں نےکہا کہ سعودی فرمانروا کے دورے کا کیمپ ڈیوڈ کانفرنس کے ایجنڈے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں