ویسٹ انڈیز نے مینزٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا

ویسٹ انڈیز جسے کالی آندھی کے نام سے بھی منسوب کیا جاتا ہے نے برطانیہ کو چھ وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ورلڈ چمپیئن بننے کا اعزاز ھاصل کر لیا ہے

463891
ویسٹ انڈیز نے مینزٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹائٹل بھی  اپنے نام کر لیا

بھارت میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے برطانیہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی وومن ٹیم نے بھی آسڑیلیا کو ٹی ٹوئنٹی وومن فائنل میں شکست دیتے ہوئے یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آخری میچ میں انگلش ٹیم کے 155 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی صرف 11 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے، کرس گیل اور جونسن چارلز نے اننگز کا آغاز کیا تو پارٹ ٹائم بولر جوئے روٹ نے پہلے جونسن چارلز کو ایک اور پھر کرس گیل کو 4 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سیمی فائنل کے مین آف دی میچ لینڈل سیمنز بیٹنگ کیلیے آئے لیکن ڈیوڈ ویلے نے انہیں صفر پر آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

ڈیون براؤ اور مارلن سیموئل نے چوتھی وکٹ کیلیے 75 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ لیکن بعد میں ویسٹ انڈیز کی مزید تین وکٹیں تھوڑے ہی عرصے میں گر گئیں۔ لیکن مارلن سیموئل ابھی تک وکٹ پر کھڑے جارحانہ بیٹنگ کے جوہر دکھا رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے، مارلن سیموئل 85 اور کارلوس 10 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ انگلش کپتان نے میچ میں تین وکٹیں لینے والے ڈیوڈ ویلے کو اوور دیا لیکن بولنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارلوس برتھ ویٹ نےاوپر تلے 4 چھکے مار کر برطانیہ کے تمام تر خواب چکنے چور کر دیے۔ مارلن سیموئل کو 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ برطانیہ کی جانب سے جوئے روٹ نے جوز بٹلر کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کیلیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کی بدولت انگلش ٹیم اچھا مجموعہ دینے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے ویسٹ انڈیز نے سن 2012 کے ورلڈکپ میں سری لنکا کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ انگلینڈ 2010 کے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف فائنل جیت کر چیمپئن بنا تھا۔



متعللقہ خبریں