ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔23.05.2024

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ خبریں

2143281
ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔23.05.2024

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ خبروں کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

 

۔۔۔روزنامہ وطن: "اسرائیل 76 سال سے خون ریزی کر رہا ہے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل 76 سال سے فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے۔ اس نے کھُلے بندوں فلسطینی عوام کی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور ہر موقعے پر بغیر کسی پس و پیش کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ان نسل کشی کرنے والوں کا احتساب ضروری ہے"۔

 

۔۔۔ "فلسطین کو تسلیم کیا جانا ترکیہ کے لئے باعثِ مسرت ہے" یہ سرخی ہے روزنامہ خبر ترک کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ آئرلینڈ کے بعد ناروے اور اسپین نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ناروے کے وزیر اعظم نے زور دے کر کہا ہے کہ مسئلے کا واحد حل دو ریاستی حل ہے۔ فلسطین اور ترکیہ نے اس فیصلے پر ممنونیت کا اعلان کیا ہے۔

 

۔۔۔ روزنامہ اسٹار نے اپنی خبر پر سرخی لگائی ہے کہ " پولینڈ کے ہاتھ بائراکتار TB2 کی فروخت نے امریکہ میں ہلچل مچا دی"۔ خبر کے مطابق ترکیہ کی پولینڈ کو 24 عدد بائراکتارTB2 مسلح ڈرون طیاروں کی فراہمی امریکہ میں ایجنڈے کی خبر بن گئی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے لکھا ہے کہ بائراکتار TB2 نے پولینڈ کو نیٹو کا ابھرتا ہوا ڈرون مرکز بنا دیا ہے۔

 

۔۔۔روزنامہ حریت: "ترکیہ نے ٹوگ کے ساتھ آٹوموٹیو سیکٹر کے ٹھیکے داروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ مقامی و ملّی گاڑی ٹوگ کے ساتھ ترکیہ کا آٹو موٹیو سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ فرانسیسی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' نے بھی اس پہلو کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے لکھا ہے کہ ترکیہ کی الیکٹرک گاڑی ٹوگ کی مارکیٹ نے ابھی سے اٹلی اور اسپین جیسے آٹو موٹیو سیکٹر کے جمے جمائے ناموں کو پیچھے چھوڑنا شروع کر دیا ہے۔ یہی نہیں اپنے پہلے سال میں ہی ٹوگ کی پیداوار ٹیسلا سے زیادہ رہی ہے۔

 

۔۔۔ اور اب باری ہے روزنامہ ینی شفق کی۔ "دنیا کے بہترین سیاحتی شہر" کی سُرخی سے اخبار لکھتا ہے کہ لندن کی مارکیٹ ریسرچ کمپنی 'یورومانیٹر' نے دنیا کے جاذب ترین سیاحتی شہروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔  شہروں کی مختلف خصوصیات کو پیش نظر رکھ کر تیار کی گئی اس فہرست میں ترکیہ کے شہر استنبول، انطالیہ اور مُولا بھی شامل ہیں۔



متعللقہ خبریں