ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 18.04.2024

ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 18.04.2024

2129355
ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 18.04.2024

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ خبروں کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں۔

۔۔۔ روزنامہ خبر ترک: "ہم فلسطین کی جدوجہدِ آزادی کا ہر شرط پر دفاع کریں گے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ 14 ہزار بچوں کو قتل کر کے اسرائیل  نے ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ خواہ حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں  ہم فلسطین کی جدوجہدِ آزادی کا ببانگ دہل دفاع کریں گے۔

 

۔۔۔ روزنامہ ینی شفق  نے بھی "حماس، قابض اسرائیل کے مقابل ایک تحریکِ مزاحمت ہے" کے الفاظ سے صدر ایردوان کے بیان کو  سرخی بنایا ہے۔ اخبار کے مطابق صدر ایردوان نے ایک دفعہ پھر اس موقف پر زور دیا ہے کہ حماس ایک تحریکِ مزاحمت ہے جو قابض اسرائیل کے مقابل اپنے وطن کا دفاع کر رہی ہے۔ جواباً  حماس نے بھی صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ فلسطینی عوام اس تعاون کو  کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

 

۔۔۔روزنامہ صباح  "علاقے میں واحد مظلوم عوام غزّہ کی عوام ہے" کی سرخی  سے لکھتا ہے کہ وزیر خارجہ خاقان فیدان نے اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی پالیسی اور حالیہ پیش رفتوں کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاقے میں واحد مظلوم عوام ہے اور وہ غزّہ کی عوام ہے۔ بحیثیت  علاقائی ممالک کے  ہم نہیں چاہتے کہ  تیسرے فریقین  اپنی جھڑپوں کو اس جغرافیہ میں منتقل کریں۔

 

۔۔۔ "خاقان فیدان کی اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ملاقات" یہ سرخی ہے روزنامہ اسٹار کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ وزیر خارجہ خاقان فیدان نے دورہ قطر کے دوران حماس سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ مذاکرات میں غزّہ کے لئے انسانی امداد، فائر بندی اور قیدیوں  کے موضوع پر بات چیت کی گئی ہے۔

 

۔۔۔روزنامہ حریت: "ترکیہ، یونان کے بحری پارک اعلان کو قبول نہیں کرے گا" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ حزب اقتدار جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی  کے ترجمان عمر چیلک نے کہا ہے کہ ہم، یونان کو، ماحولیاتی کاروائیوں کے پردے میں ، بحیرہ ایجیئن اور بحیرہ ایونی کو بحری پارک اعلان کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ چیلک نے کہا ہے کہ" علاقے میں، مزید تناو اور کشیدگی برداشت کرنے کی، ہمّت نہیں رہی لہٰذا یونان ہر نوعیت کی استحصالی کوششوں سے باز رہے"۔



متعللقہ خبریں