ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

05.04.2022

1807390
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

روزنامہ سٹار’’ایردوان: ہم اس نازک دور میں  بطور ترکیہ  تیونس کے شانہ بشانہ ہیں‘‘

صدر رجب طیب ایردوان   نے تیونس میں پیش آنے والے واقعات  کے  بارے میں کہا کہ ’’منتخب شدہ  قومی اسمبلی کی تحلیل  تیونس کے مستقبل کے اعتبار سے  لمحہ فکریہ اور تیونسی  عوام  کے  حقِ خود ارادیت  پر ایک  کاری ضرب کے مترادف ہے۔ ہم بطور ترکیہ  اس نازک  دور میں دوست و برادر تیونس اور تیونسی عوام کا ساتھ دینے کے عمل کو جاری رکھیں گے۔

روزنامہ ینی شفق ’’ترکی کے کیف  میں  سفارتخانے کا بوچا کے حوالے سے بیان‘‘

ترکی کے کیف میں  سفارتخانے  نے یوکیرینی   دارالحکومت کے  قرب و جوار میں واقع بوچا  اور ارپن  سمیت مختلف   اضلاع  سے میڈیا  میں  عکاسی ہونے والے  مناظر کے لیے ’دہشت ناک ‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  معصوم شہریوں کو ہدف بنایا جانا ایک ناقابل ِ قبول فعل ہے ۔

روزنامہ وطن ’’زیلنسکی: ترکی سے ہماری  بات چیت جاری ہے‘‘

یوکیرینی صدر ولا دیمر زیلسنکی    نے روسی قابض دستوں سے پاک کیے  جانے والے ضلع بوچا کے دورے کے دوران ماریوپول کی صورتحال  کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی حالت بھی زبوں ہے۔ میں فوج کے ساتھ مسلسل  رابطے میں ہوں،  ہم  عوام کے انخلا کے معاملے پر  ترکی سے بات چیت کر رہے ہیں اور عنقریب اس معاملے کو بھی حل کیا جائیگا۔

روزنامہ حریت ’’برآمدات میں تاریخی ریکارڈ‘‘

وزیر ِ تجارت مہمت مُش نے  ماہ مارچ کے خارجہ تجارت کے اعداد و شمار کا اعلان کیا ہے۔ ماہ مارچ میں  برآمدات  19.8 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22.7 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں جو کہ  جمہوریہ ترکیہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

روزنامہ صباح’’62 برسوں سے نیٹو  کے ہیڈ کوارٹر کی دیواروں کی زینت ‘‘

نامور ترک  مصور ، مصنف اور شاعر  بدری رحمی ایوب اولو  کی جانب سے  نقش کردہ  دیواری تصاویر  62 برسوں سے  نیٹو   ہیڈ کوارٹر کی دیواروں کو سجاوٹ بخش رہی ہیں۔ 1960 میں حکومت ترکی  کی جانب سے اس دور میں  فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع  نیٹو  کے دفتر  کو تحفے میں دی جانے والی تصاویر  اب  نیٹو کے  موجودہ  ہیڈ کوارٹر  برسلز  میں موجود ہیں۔

 



متعللقہ خبریں