ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 21.04.20
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 21.04.20
*** روزنامہ حریت: " ہم نے ٹیسٹوں کی تعداد 40 ہزار کر دی ہے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کل منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ترکی نے کورونا وائرس وباء پر قابو پانے کے لئے اختیار کردہ تدابیر کا ثمر وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہم نے یومیہ ٹیسٹوں کی تعداد 40 ہزار کر دی ہے۔ انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج مریضوں اور وفات پانے والوں کی شرح مساوی سطح پر ہے۔
*** روزنامہ ینی شفق: "مقامی وینٹی لیٹر استعمال کے لئے تیار ہیں" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزیرِ صحت فخر الدین کھوجا نے کہا ہے کہ مقامی و قومی امکانات سے تیار کئے گئے وینٹی لیٹر استعمال کے لئے تیار ہیں۔ وزیر صحت نے کل استنبول کے میٹروپولیٹن سِٹی ہسپتال کی افتتاحی اور مقامی وینٹیلیٹروں کی وصولی کی تقریب سے خطاب کیا۔ مقامی وینٹی لیٹروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارے پاس 100 عدد وینٹی لیٹر ہیں اور ماہِ مئی تک ہم 5 ہزار تک وینٹی لیٹر بنانے کا پروگرام رکھتے ہیں۔
***روزنامہ وطن : " مئی کے آخر تک ہم 5 ہزار آلات تیار کر لیں گے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارانک نے کل استنبول میٹروپولیٹن ہسپتال اور مقامی وینٹی لیٹر مشینوں کی وصولی کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ مئی کے آخر تک ہم 5 ہزار تک مقامی وینٹی لیٹر تیار کر لیں گے۔
*** روزنامہ صباح:" ترک ڈرون طیارے فضاوں پر حاکم" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ امریکہ کے اہم نشریاتی اداروں میں سے بلوم برگ نے لیبیا آپریشن سے متعلق تجزئیے میں ترک مسلح ڈرون طیاروں کی تعریف کی ہے۔ بلوم برگ نے کہا ہے کہ ترک مسلح ڈرون طیاروں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کے وِنگ لُونگ ڈرون طیارے آسانی سے طرابلس اور مصراتہ پر پروازیں نہیں کر پا رہے۔ جبکہ ترک بائراکتار مسلح ڈرون طیارے ہر گزرتے دن کے ساتھ فضاوں پر حاکم ہو رہے ہیں۔
*** روزنامہ اسٹار: "ترکی کی آٹو موٹیو بیس سے 2 بلین ڈالر کی برآمدات" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکی کے آٹو موٹیو مرکز یعنی ضلع پرصا نے رواں سال کی پہلی تہائی میں ایک بلین 977 ملین ڈالر مالیت کی گاڑیاں برآمد کی ہیں۔ ان برآمدات میں 311 ملین 2 لاکھ 13 ہزار ڈالر مالیت کی برآمدات کے ساتھ فرانس پہلے اور 275 ملین 9 لاکھ 26 ہزار ڈالر مالیت کی برآمدات کے ساتھ جرمنی دوسرے نمبر پر ہے۔