ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.12.19

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.12.19

1320871
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.12.19

*** روزنامہ حریت : "افغانستان سے متعلقہ فریقین کو ایک جگہ پر جمع کرنے والا واحد پلیٹ فورم استنبول ہے" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ایشیاء میں علاقائی تعاون اور اتحاد شرط ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک بڑے پیمانے پر مہاجرین کی لہر افغانستان سے براستہ ایران اور ترکی  یورپ پہنچ رہی ہے۔ افغانستان کی طرف سے لاپرواہی   ایسے مسائل پیدا کرے گی کہ جن کی تلافی نہیں ہو سکے گی۔ صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہمیں ہر دور اور ہر شعبے میں افغانستان  کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ اس معاملے میں "ایشیاء کا دل استنبول" مرحلہ  افغانستان سے متعلقہ تمام فریقین کو ایک جگہ جمع کرنے کے واحد پلیٹ فورم کی حیثیت رکھتا ہے ۔

 

*** روزنامہ ینی شفق : "اسلام کے بارے میں باتیں بنانے والا ماکرون اپنے ملک کے احتجاجی مظاہروں تک کو روکنے میں ناکام ہے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے اسلام اور دہشتگردی کو  ہم معنی قرار دینے کی کوششوں میں مصروف فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون  کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایردوان نے کہا ہے کہ لفظ 'اسلام' کے معنیٰ امن کے ہیں۔ جب ہم ماکرون سے پوچھتے ہیں کہ تم اسلام اور دہشت گردی کو کس طرح ایک ہی صف میں لاتے ہو تو وہ اس سوال کے جواب میں خاموش رہتے ہیں۔ وہ تو اپنے ملک میں جاری احتجاجی مظاہروں تک کو روکنے سے عاجز ہیں۔

 

***روزنامہ خبر ترک: " ترکی مشرقی بحر روم میں مزید5 کنوئیں کھودے گا" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ نائب صدر فواد اوکتائے نے کہا ہے کہ مشرقی بحرِ روم میں پیٹرول اور قدرتی گیس کی تلاش میں فعال اسٹریٹجی کو جاری رکھا جائے گا۔ ہم اپنے قومی سرمائے کے ساتھ مزید 5 کنوئیں کھودیں گے۔ مشرقی بحرِ روم میں ترکی اور قبرص کے حق اور مفادات  کے معاملے میں کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔

 

*** روزنامہ اسٹار: "مغربی ممالک سے مشکل سوال: اگر YPG شام میں اپنے کام سے کام رکھے ہوئے ہے تو ترکی کی طرف پھیلی ہوئی سرنگوں کا کیا مقصد ہے؟"  یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ اسٹار نے ۔ اخبار لکھتا ہے کہ امریکی ٹیلی ویژن چینل پر کرسٹئین ایمنپور   کے لئے انٹرویو میں صدارتی دفتر کی مشیر اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر گل نور آئی بیت  نے نیٹو اتحادیوں کی طرف سے وائے پی جی کو دہشت گرد تنظیم قبول نہ کئے جانے کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ آئی بیت نے کہا ہے کہ شام کے شمال میں صرف ہمارے آپریشن کے  علاقے میں ہم نے دہشت گرد تنظیم کی  شام سے ترکی کی طرف کھودی ہوئی 465 سرنگوں کو بند کیا ہے۔  آئی بیت نے کرسٹئین سے سوال کیا کہ اگر آپ کے کہنے کے مطابقPKK/YPG شام میں اپنے کام سے کام رکھے ہوئے ہے تو شام سے ترکی کی طرف سرنگیں کھودنے کا کیا مقصد ہے۔

 

*** روزنامہ صباح: " کپادوکیہ میں سیاحوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ پریوں کی چمنیوں ،بے مثال قدرتی حسن کی حامل وادیوں، ہاٹ ائیر بالونز اور زیر زمین شہروں کی  وجہ سے مشہور ترکی کے سیاحتی علاقے کپادوکیہ کے عجائب گھروں  کی سیر کرنے والے سیاحوں کی تعداد سال کے پہلے 11 مہینوں میں 3 ملین 6 لاکھ 62 ہزار 591 تک پہنچ گئی ہے۔ صرف ماہِ نومبر میں کپادوکیہ کے عجائب گھر اور آثارِ قدیمہ  کی سیر کرنے والے سیاحوں کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار 482  ریکارڈ کی گئی ہے۔



متعللقہ خبریں