ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 17.09.19

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 17.09.19

1271062
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 17.09.19

***روزنامہ ینی شفق: طویل ترین سربراہی اجلاس" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان ، روس کے صدر ولادی میر پوتن اور ایران کے صدر حسن روحانی  نے انقرہ میں ادلب اور شام کے مستقبل پر بات کی۔ آرامکو  اور امریکہ کی ایران کو جنگ کی دھمکیوں کی وجہ سے پوری دنیا کی نگاہیں اس اجلاس پر مرکوز تھیں۔ اجلاس صبح 11 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا اور دو طرفہ اور سہ فریقی مذاکرات کے ساتھ شام 9 بجے تک جاری رہا۔ اختتامی اعلامیے میں سربراہان نے کہا کہ " ہم شام میں سیاسی حل کے موضوع  پر مکمل اتفاق کی حالت میں ہیں"۔

 

*** روزنامہ صباح:" صدارتی دفتر کی طرف سے آرمینیا کو سخت ردعمل" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ نائب صدر فواد اوکتائے نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ آذربائیجان ۔ترکی ٹریڈ فورم  سے خطاب میں کہا ہے کہ آذربائیجان کی زمین کے تقریباً ایک بٹا پانچ حصے پر جاری آرمینی قبضے کے خاتمے کے لئے ایک چوتھائی صدی سے ہم آذربائیجان کے ساتھ قریبی اتحاد کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالائی کاراباع  مسئلے  کو آذربائیجان  کی زمینی سالمیت  اور بین الاقوامی تنظیموں  کے منظور کردہ فیصلوں  سے ہم آہنگ  شکل میں حل کیا جانا اور ایک ملین سے زائد متاثرین کا اپنی زمین کی طرف واپس لوٹنا ہماری سب سے بڑی آرزو ہے۔

 

*** روزنامہ خبر ترک: "ٹیکنو فیسٹ دنیا کی دوسری بڑی فضائی تقریب بن گئی" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ گذشتہ سال استنبول ائیر پورٹ  پر پہلی دفعہ منعقد ہونے والا ترکی کا ٹیکنالوجی  فیسٹیول ٹیکنو فیسٹ اس سال اتاترک ائیر پورٹ پر منعقد ہو رہا ہے۔ گذشتہ سال فیسٹیول میں 2 لاکھ زائرین کی شرکت کی توقع تھی لیکن زائرین کی تعداد 5 لاکھ  سے بھی بڑھ گئی ۔ اس تعداد کے ساتھ ٹیکنو فیسٹ دنیا کی سب سے بڑی فضائی سرگرمی بن گیا ہے۔ اس سال یہ میلہ 17 سے 22 ستمبر کی تاریخوں میں اتاترک ائیر پورٹ پر منعقد ہو گا۔

 

*** روزنامہ حریت: " وزارت نے اعلان کر دیا: 20 سال کا ریکارڈ  ٹوٹ گیا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزیر توانائی و قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے  کہا ہے کہ ترکی کے سرکاری پیٹرول     ادارے TPAO  کی اندرون ملک پیٹرول کی یومیہ پیداوار 50 ہزار بیرل تک پہنچ گئی ہے اور یہ تعداد گذشتہ 20 سالوں میں ریکارڈ تعداد ہے۔

 

*** روزنامہ وطن:" اگست کے مہینے میں مرکزی انتظامی بجٹ میں  576 ملین کا سرپلس  رہا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزارت خزانہ  کے بجٹ توازن  اعداد و شمار کے مطابق اگست 2018  میں بجٹ کا سرپلس  بلا سود  2.5 بلین لیرا تھا  جو اگست 2019 میں  بڑھ کر 11.4 بلین لیرا تک پہنچ گیا ہے۔ اگست 2019 میں بجٹ کی آمدنی گذشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 34.1فیصد اضافے کے ساتھ 94.3 بلین لیرا تک پہنچ گئی ہے جبکہ بجٹ کے مصارف بھی 23.2 فیصد اضافے کے ساتھ 93.7 بلین لیرا تک پہنچ گئے ہیں۔



متعللقہ خبریں