ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 19.03.19

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 19.03.19

1166501
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 19.03.19

*** روزنامہ وطن : "ٹرائے عجائب گھر کے افتتاح کے موقع پر صدر ایردوان کا خطاب" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کل چناق قلعے میں ٹرائے عجائب گھر  کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ٹرائے عجائب گھر چناق قلعے کو دوبارہ سے پوری انسانیت کے لئے مرکز توجہ بنانے والے پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائے  ایسے اہم تاریخی کھنڈرات ہیں کہ جنہیں ان کے 5 ہزار سالہ ماضی کے ساتھ  1998 میں یونیسکو کی طرف سے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ صدر ایردوان نے کہا کہ سال 2018 کو ہم نے ٹرائے کا سال اعلان کیا اور اس وسیلے سے اندرون اور بیرون ملک اس جگہ کو زیادہ بہتر شکل میں متعارف کروایا۔

 

*** روزنامہ صباح:"حلوصی آقار کی طرف سے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے حملے سے متعلق فلیش بیان" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ  کا دہشتگردی کا حملہ  اسلامو فوبیک فاشسٹ دہشت گردی، اسلام اور ترک دشمنی اور صدر رجب طیب ایردوان دشمنی کے کس مقام تک پہنچنے کی عکاسی کرتا ہے۔ آقار نے کل یادگارِ شہدا ء پر منعقدہ 18 مارچ یومِ شہداء اور فتح چناق قلعے  کی 104 ویں سالانہ تقریب سے خطاب کیا۔ نیوزی لینڈ میں جمعہ کے روز 2 مساجد پر کئے گئے اور 50 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دہشت گردی کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے آقار نے کہا ہے کہ یہ حملہ نسلیت پرستی اور دینی تعصب پر مبنی ہے اور منظّم دہشت گردی کی حیثیت رکھتا ہے ۔میں  اس حملے کے ساتھ تعاون کرنے والوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

 

*** روزنامہ خبر ترک:"امریکہ کے ساتھ تجارت میں چھٹے مہینے میں بھی  تجارتی سرپلس جاری" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ماہِ جنوری میں یورپی یونین کے لئے ترکی کی  برآمدات درآمدات سے 1 بلین 797 ملین یورو زیادہ رہی ہیں۔ یورپی شماریاتی دفتر یوروسٹیٹ نے یورپی یونین اور یورو زون  کے ماہِ جنوری  کے بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار شائع کر دئیے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال ترکی کی یورپی یونین سے درآمدات  7.7 بلین یورو رہیں  جو رواں سال کے اسی دورانیے میں 5 بلین یورو کم ہو گئی ہیں۔ جنوری2018 میں ترکی  کی یورپی یونین ممالک کے لئے برآمدات 6.5 بلین ڈالر  تھیں جو رواں سال کے اسی دورانیے میں بڑھ کر 6.8 بلین یورو تک پہنچ گئی ہیں۔ اس طرح جنوری 2018 میں ترکی کا 1.2 بلین یورو کا تجارتی خسارہ رواں سال  کے ماہِ جنوری میں 1 بلین 797 ملین یورو تجارتی سرپلس میں تبدیل ہو گیا ہے۔

 

*** روزنامہ حریت " استنبول نے آبادی کے لحاظ سے 131 ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ترکی کے  سب سے زیادہ گنجان آباد ضلعے استنبول نے 15 ملین 67 ہزار 724 افراد کی آبادی کے ساتھ 131 ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ترکی کے محکمہ  شماریات اور اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ UNFPA کے اعداد و شمار سے اخذ کردہ معلومات کے مطابق 2018 میں ترکی کی آبادی 82 ملین 3 ہزار 882 افراد تک پہنچ گئی ۔ ترکی کی کُل آبادی کا 18.4فیصد حصہ استنبول کی آبادی پر مشتمل ہے۔ جبکہ بلغاریہ، یونان، آسٹریا ، بیلجیم اور سوٹزر لینڈ سمیت 131 ممالک 5 سال میں آبادی میں 6.4 فیصد اضافے کے ساتھ استنبول سے پیچھے رہ گئے ہیں۔

 

***روزنامہ اسٹار: " لاطینی امریکہ   میں T129 آطاق کی نمائش" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ٹرکش ایوی ایشن  اینڈ اسپیس  انڈسٹری LAAD دفاعی میلے میں شرکت کرے گی ۔ میلے سے قبل ترکی کے T129 آطاق ہیلی کاپٹر2 مختلف شہروں میں برازیل کے حکام  کے لئے کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ LAAD کو جنوبی امریکہ کے سب سے بڑے دفاعی میلے کے طور پر جانا جاتا ہے۔میلہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 2 سے 5 اپریل کو منعقد ہو گا۔



متعللقہ خبریں