ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.04.16

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.04.16

478547
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.04.16

***روزنامہ اسٹار "دہشت گردی کی مدد آزادی اظہار  نہیں ہے" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ ترکی کی آئینی عدالت کے سربراہ زُہدُو آرسلان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کرنے والے بیانات کو آزادی اظہار میں شمار نہیں کیا جائے گا۔ دہشتگردی  اور اظہار بیان کی آزادی کے درمیان تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئےآرسلان  نے کہا کہ اظہار بیان کی آزادی  جمہوریتوں میں سب سے زیادہ نزاعی مسائل پر بھی آزادی سے بحث کرنے اور تجاویز کا دفاع  کرنے کا امکان فراہم کرتی ہے۔  لیکن اس کی اولین شرط دہشت گردی، تشدد اور تشدد آمیز زبان کو رد کرنا ہے۔ دہشت گردی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کرنے والے بیانات آزادی اظہار کے ذیل میں نہیں ہیں کیوں کہ جہاں دہشت گردی اور تشدد کا آغاز ہو جاتا ہے وہاں الفاظ کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے۔

 

***روزنامہ ینی شفق  " افریقہ کی طرف سے ترکی کا شکریہ" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ افریقی پناہ گزین،  ترکی کے پرچموں اور صدر رجب طیب ایردوان کے لئے شکریے کے الفاظ والے پلے کارڈوں کے ساتھ جنوبی افریقہ کےشہر کیپ ٹاون میں  جمع ہوئے۔ مہاجرین نے کہا کہ ترکی اور ایردوان  مظلوموں کی دادرسی کرتے ہیں اور  تمام مسلمان ممالک ایک مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مراکش کے ماہر تعلیم مصطفیٰ سعید نے بھی کہا کہ عالم اسلام  اس وقت ایک رہنما کی تلاش میں ہے اور صدر ایردوان اپنی نیکی اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے   حقیقی معنوں میں ایک لیڈر   کا کردار ادا کر  سکتے ہیں۔

 

*** روزنامہ صباح "ایردوان کا کمرہ ڈراموں کا سیٹ بن گیا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ انطالیہ میں منعقدہ جی۔ 20 اجلاس نے ٹوئر ازم سیکٹر میں تازگی پیدا کر دی ہے۔ اجلاس کے دوران صدر رجب طیب ایردوان نے جس وِلا میں قیام کیا وہ خاص طور پر مشرق وسطیٰ کے فلم اور ڈرامہ  پروڈیوسروں کا مرکز توجہ بن گیا ہے۔ "بڑا گھر" نامی ڈرامے کے پروڈیوسروں نے وِلا کو اپنے سیٹ میں تبدیل کر دیا ہے اور تین ہفتوں  کے دوران 70 افراد کی ٹیم یہاں اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کرے گی۔ مراکش، شام، سعودی عرب، اردن، لبنان اور دبئی سے آنے والے پروڈیوسر صدر ایردوان کے قیام کے کمرے میں شوٹنگ کرنے کے لئے قطار میں لگ گئے ہیں۔ انطالیہ میں عرب سیاحوں کی قبل از وقت بکنگ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

 

***روزنامہ حریت "استنبول میں بہار ریلی" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ استنبول  پارک نے "کلاسیک آٹو موبیل بہار ریلی  2016 "کی میزبانی کی۔ 23 اپریل بروز ہفتہ 100 کے قریب کلاسیک گاڑیوں کی شرکت سے بہار ریلی کا آغاز ہوا۔ یہ ریلی استنبول اور اس کے اطراف میں تقریباً تقریباً 220 کلو میٹر  ٹریک میں 6 خصوصی مرحلوں میں ہوئی۔ ازمیر تک جانے والی یہ ریلی  اتوار کے روز استنبول پارک میں اختتام پذیر ہو گی۔ کلاسیکی  گاڑیوں کی ریلی کے شاندار منظر نے دیکھنے والوں کو  بے حد محظوظ کیا۔

 

*** روزنامہ وطن " نوبل ایوارڈ یافتہ ترک سائنس دان غیر معمولی ذہین بچوں کے ساتھ ملاقات کریں گے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ نوبل ایوارڈ یافتہ ترک سائنس دان عزیز سانجار  غیر معمولی ذہین افراد کی سوسائٹیوں  کی طرف سے "غیر معمولی ذہانت  کے دن " کی مناسبت سے 22 مئی کو استنبول یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی  میں متوقع سمپوزئیم میں غیر معمولی ذہین بچوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔  بائیو کیمیا اور بائیو فزکس کے پروفیسر عزیز سانجار سمپوزئیم میں "غیر معمولی ذہانت میں موٹیویشن" کے عنوان سے ایک پریزنٹیشن دیں گے  اور اساتذاہ اور والدین کو اہم مشورے دیں گے۔



متعللقہ خبریں