ترک اخبارات سے جھلکیاں27.11.14

ترک اخبارات سے جھلکیاں27.11.14

207570
ترک اخبارات سے جھلکیاں27.11.14

روزنامہ اسٹار نے فرگوسن کی آگ 170 شہروں تک پھیل گئی کے زیر عنوان خبر میں لکھا ہے کہ امریکہ میں ایک نہتے سیاہ فام مائیکل براون کو ہلاک کرنے والی پولیس کو جیوری کے بے قصور ثابت کرنے کے فیصلے کے بعد مظاہروں کا سلسلہ امریکہ کے طول و عرض میں پھیل گیا ہے۔
روزنامہ اکشام نے سی این این کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکہ میں گزشتہ اگست میں ایک اٹھارہ سالہ سیاہ فام نوجوان کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ینی شفق نامی اخبار نے راقہ خون کے آنسو رو رہا ہے کے زیر عنوان خبر شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شامی فوج سے وابستہ طیاروں نے داعش کے زیر قبضہ راقہ شہر پر فضائی حملہ کیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت ایک سو کے قریب شہری ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔
روزنامہ صباح لکھتا ہے کہ ترک صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی انجمن کے اشتراک سے استنبول میں ایک نمائش کا افتتاح کیا گیا جس میں 103 ممالک سے تقریباً سات ہزار سرمایہ کار شرکت کریں گے۔ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکی کی معاشی کارکردگی میں توازن برقرار ہے اور وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلیے ایک جاذبِ نظر ملک کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارہ سالہ دور حکومت میں ترکی کی معاشی ترقی میں پانچ گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
روزنامہ وطن لکھتا ہے کہ ترکی میں سال رواں میں ماہ جنوری تا اکتوبر کے درمیان رہائشوں کی فروخت ایک ملین کے قریب پہنچ گئی ہے کہ جن کی اکثریت استنبول،انقرہ اور ازمیر جیسے بڑے شہروں میں واقع ہے ۔
روزنامہ حریت نے خبر دی ہے کہ جرمن شہر اوفن باخ میں زدو کوب کا نشانہ بننے والی جرمن دوشیزہ کو بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہونے والی ترک نژاد دوشیزہ توعچے البائراک اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔
خبر کے مطابق ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود بائیس سالہ دوشیزہ کی دماغی طور پر موت واقع ہو گئی ہے لیکن اس کے اہلِ خانہ امید کا دامن تھامے ملک کے تمام ڈاکٹروں سے اپنے لخت جگر کو بچانے کےلیے رجوع کر رہے ہیں۔

 

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں