بھارت میں اسکول پھر سے کھل گئے ہیں

ابتدائی مرحلے میں پرائمری اسکولز کو کھولا گیا ہے تاہم ہائی اسکولز اور کالجز تاحال بند ہیں جب کہ ریاست کے مختلف علاقوں بنگلور، اوڈوپی اور دکشنا کناڈا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں کے 200 میٹر تک 5 افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے

1779881
بھارت میں اسکول  پھر سے کھل گئے ہیں

بھارتی ریاست کرناٹک میں گزشتہ ہفتے حجاب پر اٹھنے والے تنازع کے بعد  اب متعدد اسکول دوبارہ سے کھل گئے ہیں جو طالبات کو تعلیمی اداروں میں حجاب نہ پہننے پر احتجاج کے بعد وزیراعلیٰ کے حکم پر بند کردیے گئے تھے۔

ابتدائی مرحلے میں پرائمری اسکولز کو کھولا گیا ہے تاہم ہائی اسکولز اور کالجز تاحال بند ہیں جب کہ ریاست کے مختلف علاقوں بنگلور، اوڈوپی اور دکشنا کناڈا میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں کے 200 میٹر تک 5 افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔

ریاستی وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ ہمارے ان اقدامات سے امن قائم ہوگا اور یہاں کے حالات دیکھنے کے بعد ہائی اسکولز اور کالج ، یونیورسٹی کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے گزشتہ ہفتے بھارتی ریاست کرناٹکہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں اسکول میں داخل ہونے سے روکا اور کلاس میں جانے سے پہلے حجاب اتار کر جانے کے لیے کہا جس پر سیکڑوں طالبات نے انکار کردیا۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھارت کی نڈر طالبہ ’مسکان خان‘ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے انتہاپسند ہندو جتھے کے سامنے جھکنے سے انکار کرتے ہوئے ان کے سامنے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کردیا تھا۔

دوسری جانب آج جب متعدد اسکولز دوبارہ کھلے تو کچھ تعلیمی اداروں میں طالبات کو حجاب اتارنے کا کہا گیا۔  بھارت کے شہر منڈیا میں روٹری اسکول کے باہر طالب علموں کو کیمپس میں داخل ہونے سے قبل حجاب اتارنے کو کہا گیا تو والدین اور استاد کے درمیان بحث جاری ہوگئی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔



متعللقہ خبریں