افغانستان، اب کی بار طالبان حملوں کا نشانہ بنے ہیں

جلال آباد میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے گشت پر مامور طالبان رینجرز کی گاڑی گزر رہی تھی

1707552
افغانستان، اب کی بار طالبان حملوں کا نشانہ بنے ہیں

افغانستان کے دارالحکومت کابل اور شہر جلال آباد میں ہونے والے دھماکوں میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق اور 20 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے گشت پر مامور طالبان رینجرز کی گاڑی گزر رہی تھی۔

جلال آباد سرکاری اسپتال سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق دھماکے میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 20 افراد زخمی ہیں  جن کی اکثریت عام  شہریوں  پر مشتمل  ہے۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر کابل ميں ہزارہ برادری کے اکثریتی علاقے تیرہ میں زور دار دھماکا ہوا ہے۔ جائے وقوعہ کی جانب ایمبولینس کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ پولیس اور طالبان اہلکاروں نے حادثے کی جگہ کا گھیراؤ کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کا ہے جس میں 2 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تاحال کسی گروپ نے دونوں دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔


 

 



متعللقہ خبریں