پاکستان کے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں مثبت کردار کو سراہتے ہیں: زلمے خلیل زاد

پیر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی

1490901
پاکستان کے  طالبان کے ساتھ مذاکرات میں مثبت  کردار کو سراہتے ہیں:  زلمے خلیل زاد

افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

پیر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خلیل زاد نے بین الافغان مذاکرات کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ خلیل زاد نے کہا کہ افغان دھڑوں کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی مخلصانہ اور غیر مشروط کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ خطے میں امن اور باہمی روابط کو فروغ دیا جائے۔ اُن کے بقول اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہفتے کو بین الافغان مذاکرات کے آغاز کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی کے دورہ پاکستان کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ہفتے کو مذاکرات کے آغاز پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فریقین پر اب بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کے بہتر مستقبل کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔



متعللقہ خبریں