روس: کلسٹر بموں کے نتیجے میں ہونے والی تمام اموات کا ذمہ دار امریکہ ہو گا

واشنگٹن، یوکرین کو کلسٹر بم فراہم کر کے علاقے میں بارودی سرنگیں بچھانے کے جرم میں عملی طور پرشامل ہو  جائے گا: مارہا زاہرووا

2008813
روس: کلسٹر بموں کے نتیجے میں ہونے والی تمام اموات کا ذمہ دار امریکہ ہو گا

روس وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاہرووا نے کہا ہے کہ یوکرین کو فراہم کردہ کلسٹر بموں سے یوکرینی اور روسی بچوں سمیت ہلاک ہونے والے سب انسانوں کی اموات کا ذمہ دار امریکہ ہو گا۔

زاہرووا نے  یوکرین کو کلسٹر بموں  کی فراہمی سے متعلق امریکی فیصلے کے بارے میں جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ "حالیہ فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ کے صدر جو بائڈن جھڑپوں کو آخری یوکرینی کی موت تک لمبا کرنے کا تہّیہ کئے  ہوئے ہیں۔ امریکہ اور نیٹو کی طرف سے یوکرین کو اسلحے کی ہر ترسیل شہریوں کو خطرات میں مبتلا کر رہی ہے"۔

ماریا زاہرووا نے کہا ہے کہ "مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر علاقوں میں کلسٹر بموں کا تجربہ ہو چکا ہے۔ یہ بم پھٹے بغیر ایک طویل عرصے تک پڑے رہ سکتے ہیں یہاں تک کہ جنگ ختم ہونے کے بعد بھی پھٹ سکتے ہیں۔ یوکرین کو یہ بم فراہم کر کے اصل میں واشنگٹن علاقے میں بارودی سرنگیں بچھانے کے جرم میں عملی طور پرشامل ہو  جائے گا اور ان بموں کی وجہ سے یوکرینی اور روسی بچوں سمیت جتنے بھی انسان ہلاک ہوں گے ان کی ذمہ داری امریکہ پر ہو گی"۔

ماریا زاہرووا نے کہا ہے کہ یوکرین  کو کلسٹر بموں کی فراہمی  اصل میں اس لاچارگی اور عجز کا بھی اظہار ہے جو جوابی حملوں میں یوکرینی فوج کی ناکامی پر محسوس کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ہم یوکرین کی دفاعی صلاحیت کو کمزور نہیں پڑنے دیں گے۔ ہم یوکرین کو کلسٹر بم فراہم کریں گے"۔



متعللقہ خبریں