دنیا روس سے اس کا حساب پوچھے گی: بائیڈن

پوتن نے قصداً ایک ایسی جنگ کا انتخاب کیا ہے کہ جو تباہ کن شکل میں جانی نقصان اور مصائب کا سبب بنے گی: صدر جو بائیڈن

1784462
دنیا روس سے اس کا حساب پوچھے گی: بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس کے یوکرائن پر حملے کا اعلان کرنے کے بعد تحریری بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں بائیڈن نے  کہا ہے کہ " پوتن نے قصداً ایک ایسی جنگ کا انتخاب کیا ہے کہ جو تباہ کن شکل میں جانی نقصان اور مصائب کا سبب بنے گی۔ اس حملے کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور تباہی کا واحد ذمہ دار روس ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی مصّمم عزم و ارادے کے ساتھ اس کا جواب دیں گے۔ دنیا روس سے اس کا حساب پوچھے گی"۔

ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک رُٹ نے سوشل میڈیا پیج سے جاری کردہ پیغام میں یوکرائن کے مشرقی علاقے دونباس میں فوجی آپریشن شروع کرنے پر روس کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم رُٹ نے کہا ہے کہ "ہالینڈ، روس کے یوکرائن پر حملے کی شدت سے مذمت کرتا ہے۔ ہم، یورپی یونین، نیٹو اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ ہماری ہمدردیاں یوکرائن کے عوام کے ساتھ ہیں"۔

جرمنی کے چانسلر اولاف شُولز نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "روس کا یوکرائن پر حملہ بین الاقوامی قانون کی کھُلی خلاف ورزی ہے۔ اسے کسی بھی شکل میں برحق ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ ہم اس  ناپسندیدہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں"۔

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ " پوتن نے حملے کا انتخاب کر کے خونریزی اور تباہی کا راستہ منتخب کیا ہے۔ برطانیہ اور اس کے اتحادی اس کا مصّمم جواب دیں گے"۔

فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون نے بھی ٹویٹر پیغام میں روس کے یوکرائن کے خلاف جنگ کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ اس جنگ کے خاتمے کے لئے فرانس اپنے اتحادیوں کے ساتھ ہم آہنگ کاروائیاں کرے گا۔

اٹلی  کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ان المیہ حالات میں اٹلی یوکرائن   کے عوام اور حکومتی اداروں کے ساتھ ہے۔ باہم متحد شکل میں اور فوری  جواب دینے کے لئے  ہم نیٹو اور یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں"۔



متعللقہ خبریں