امریکی صدر جو بائڈن کی یوکیرینی صدر زیلنسکی سے اہم ٹیلی فونک بات چیت

اس بات کا امکان قوی ہے کہ روس اگلے ماہ یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے

1769720
امریکی صدر جو بائڈن کی یوکیرینی صدر زیلنسکی سے اہم ٹیلی فونک بات چیت

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی  فون پر بات کی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق بائیڈن نے ایک بار پھر اس بات کا اظہار کیا کہ روس کے یوکرین پر حملہ کرنے کی صورت میں وہ امریکی شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے امریکہ کے یوکرین کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پرعزم ہونے  کا اعادہ کیا۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ نے گزشتہ سال یوکرین کو نصف ارب  ڈالر کی ترقیاتی اور انسانی امداد فراہم کی تھی، بائیڈن نے کہا کہ امریکہ، روس کی فوجی کاروائیوں کے نتیجے میں یوکرین کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مائکرو اکنامک تعاون کے طریقوں کا متلاشی ہے۔

بائیڈن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سفارت خانے کے عملے کے ملک چھوڑنے کے باوجود کیف میں امریکی سفارت خانہ کھلا ہے اور بھر پور طریقے سے  کام کر رہا ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بائیڈن سے ملاقات کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔

زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’’یہ ملاقات کافی طویل گزری،  ہم نے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات اٹھانے پر  اتفاق رائے قائم کیا ہے۔ میں نے بائیڈن کی مسلسل عسکری  امداد پر ان کا شکریہ اد اکیا ہے اور دوران ِ  بات یوکرین کو مالی مدد فراہم کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔"

دریں اثنا، وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایملی ہورن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بائیڈن کی زیلنسکی سے فون پر بات چیت میں واضح کیا گیا ہے کہ اس بات کا امکان قوی ہے کہ روس اگلے ماہ یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔"

ہورن نے کہا، "امریکی صدر نے یہ بات بالکل واضح کر دی ہے کہ  ہم کئی مہینوں سے اس حوالے سے عالمی رائے عامہ کو خبردار کر رہے ہیں۔"

دوسری جانب یوکرین کی انتظامیہ نے شکایت کی ہے  کہ بائیڈن کی زیلنسکی کے ساتھ ملاقات اچھی نہیں گزری۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق یوکرائن کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا  ہے کہ یہ ملاقات خوشگوار نہیں تھی  کیونکہ فریقین ممکنہ روسی حملے کے خطرے کی سطح پر متفق نہیں ہو سکے۔

 



متعللقہ خبریں