مسلم راہگیروں کا قتل دانستہ کیا گیا:کینیڈئن پولیس

واضح رہے کہ نتھانیل ویلٹمن نے کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں فٹ پاتھ پر ٹرک چڑھا کر مسلم خاندان کے چار افراد کو ہلاک جب کہ ایک کو شدید زخمی کر دیا تھا

1653702
مسلم راہگیروں کا قتل دانستہ کیا گیا:کینیڈئن پولیس

 کینیڈا کی پولیس نے مقامی شہری کی جانب سے ٹرک چڑھا کر چار مسلم راہگیروں کے قتل  کو "دانستہ "عمل' قرار دیا ہے۔

 گزشتہ اتوار کی شب پیش آنے والے واقعے میں 20 سالہ نتھانیل ویلٹمن نے کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں فٹ پاتھ پر ٹرک چڑھا کر مسلم خاندان کے چار افراد کو ہلاک جب کہ ایک کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق، نتھانیل ویلٹمن لندن شہر کا ہی رہائشی ہے جس نے چاروں مسلم افراد کو اس لیے نشانہ بنایا کیوں کہ وہ مسلمان تھے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک مرد اور تین خواتین شامل ہیں جن کی عمریں بالترتیب، 77، 46 اور 44 سال  ہے جب کہ ایک نو سال کا بچہ زخمی بھی ہوا ہے جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

البتہ پولیس نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

ولیس سپرنٹنڈنٹ پال ویٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ملزم کا منافرت میں یقین رکھنے والے کسی گروہ سے کوئی تعلق ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ وفاقی پولیس اور قانون کے نفاذ پر مامور محکمہ ان الزامات کی چھان بین کریں گے کہ آیا ملزم کا کسی دہشت گرد گروپ سے تو کوئی تعلق نہیں۔

اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پال ویٹ نے نفرت پر مبنی الزام کے حوالے سے کوئی تفصیلی ثبوت پیش نہیں کیا تاہم ،ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔

شہر کے میئر ایڈ ہولڈر کا کہنا ہے کہ یہ اجتماعی قتل کا واقعہ ہے جس میں ایک مسلم خاندان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ یہ ایک ناقابلِ بیان اور نفرت کی بنا پر سرزد ہونے والا واقعہ ہے۔

دریں اثنا شہر کے پولیس سربراہ اسٹیفن ولیمز نے کہا ہے کہ "کمیونٹی میں رواداری کا فقدان ہے۔ یہی سبب ہے کہ نفرت کی بنا پر ایسے واقعات نمودار ہونے لگے ہیں۔"

کینیڈا کو تمام مذاہب کے ماننے والے تارکینِ وطن کا خیر مقدم کرنے والا ملک خیال کیا جاتا ہے لیکن وہاں اس سے قبل بھی مسلم برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنا کر قتل کرنے کا واقعہ رپورٹ ہو چکا ہے۔

دو ہزار سترہ میں ایک فرانسیسی زبان بولنے والے دائیں بازو کے قوم پرست شخص نے کیوبک شہر کی ایک مسجد میں گھس کر فائرنگ کی تھی اور اس واقعے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واقعے کی رپورٹ میں پولیس نے کہا ہے کہ ویلٹمن ہلاک ہونے والوں کے ناموں سے نا واقف تھا لیکن ملزم نے اقرار کیا ہے کہ اس نے متاثرہ خاندان کو مسلمان ہونے کی وجہ سے ہی نشانہ بنایا تھا۔

 واقعے کے فوری بعد ٹرک ڈرائیور کو قریبی پارکنگ لاٹ سے گرفتار کیا گیا۔



متعللقہ خبریں