کیپیٹل ہل پر حملے کا خطرہ،ایوان نمائندگان کا اجلاس ملتوی

خبر کے مطابق ، پولیس نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ ملیشیا گروپ کی جانب سے کانگریس کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہ اجلاس ملتوی کیا گیا ہے

1594882
کیپیٹل ہل پر حملے کا خطرہ،ایوان نمائندگان کا اجلاس ملتوی

امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر حملے کے خدشے کے باعث ایوانِ نمائندگان کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

 خبر کے مطابق ، پولیس نے  گزشتہ روز کو خبردار کیا تھا کہ ملیشیا گروپ کی جانب سے کانگریس کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

پولیس کا انتباہ خفیہ معلومات کی بنا پر جاری ہوا ہے جس کے مطابق ایک نامعلوم ملیشیا گروپ سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے اور اسی بنا پر ایوان کی طے شدہ کارروائی کے حوالے سے منصوبہ بندی تبدیل کی گئی ہے۔

کیپٹل پولیس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور کیپٹل کی حفاظت کے لیےمقامی، ریاستی اور وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کیپٹل ہل کی سلامتی  کے لیے پولیس نے پہلے سے ہی مناسب اقدامات کر رکھے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ میں کیپٹل ہل کی عمارت کو جمہوریت کی علامت تصور کیا جاتا ہے جہاں ایوانِ بالا  یعنی سینیٹ اور ایوانِ زیریں یعنی ایوانِ نمائندگان موجود ہیں۔

واضح رہے کہ دوماہ پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد مشتعل افراد نے کیپٹل ہل پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی تھی۔



متعللقہ خبریں