بائیڈن۔ژی پنگ ٹیلی فون رابطہ، تحفظات کا اظہار

صدر بائیڈن نے شی جن پنگ سے گفتگو کے دوران چین کے غیر منصفانہ تجارتی معاملات، ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایغور مسلم اقلیتوں کے ساتھ سلوک میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا

1581654
بائیڈن۔ژی پنگ ٹیلی فون رابطہ، تحفظات کا اظہار

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بدھ کو اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو فون کر کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے اور کئی امور پر اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، صدر بائیڈن نے شی جن پنگ سے گفتگو کے دوران چین کے غیر منصفانہ تجارتی معاملات، ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایغور مسلم اقلیتوں کے ساتھ سلوک میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

صدر بائیڈن نے چین کے تائیوان سے متعلق اقدامات پر بھی شی جن پنگ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

صدر بائیڈن نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی کہا ہے کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا ہے کہ وہ چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں لیکن اس سے امریکی عوام کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ایسے موقع پر رابطہ ہوا ہے جب صدر بائیڈن نے ٹیلی فونک رابطے سے ایک گھنٹہ قبل چین سے متعلق امریکہ کی حکمتِ عملی کا جائزہ لینے کے لیے محکمۂ دفاع پینٹاگون کی ٹاسک فورس بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب چین کے سرکاری میڈیا نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔

 شی جن پنگ نے تسلیم کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات موجود ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے اور چینی صدر نے مجموعی طور پر تعاون جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار تھے اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کر دیے تھے۔



متعللقہ خبریں