عمران خان اور ٹرمپ ملاقات میں علاقائی معاملات اورمسئلہ کشمیرسمیت افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت

وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے افغان مسئلہ پر امریکہ اور پاکستان ایک صفحہ پر ہیں، افغان حکومت اور طالبان کے مابین عبوری مذاکرات ہو رہے ہیں

1345034
عمران خان اور ٹرمپ ملاقات میں علاقائی معاملات اورمسئلہ کشمیرسمیت افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت

وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی معاملات اور مسئلہ کشمیر سمیت افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت کی گئی۔

 وزیر اعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورہ پر عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے اپنے وفد کے ہمراہ ڈیووس پہنچے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے افغان مسئلہ پر امریکہ اور پاکستان ایک صفحہ پر ہیں، افغان حکومت اور طالبان کے مابین عبوری مذاکرات ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کی خواہش رکھتا ہے اور جنوبی ایشیاءکے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کریں گے۔

 صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کیا ہو رہا ہے، اگر ہم مدد کر سکتے ہیں تو ہم یقینا اس کے حواہاں بھی ہوں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اسے بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں اور یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اپنے دوست کے ساتھ یہاں ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک بھارت تنازعہ پاکستان میں ہمارے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ کشیدگی کو ختم کرنے میں امریکہ ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے۔ جب ایک رپورٹر نے صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ آیا وہ پہلے ہی بھارت کا دورہ کرنے پر غور کر رہے ہیں تو کیا پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ڈیووس میں وزیراعظم سے ملاقات کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقاتمیں بڑی بہتری آئی ہے اور یہ کہ ہم کبھی بھی پاکستان کے ساتھ اتنا قریب نہیں رہے ہیں ۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس ماہ کے آخر میں صد ر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاﺅس میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی، آخری مرتبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان 2019ءمیں ملاقات ہوئی تھی۔  ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف بھی موجود تھے



متعللقہ خبریں