دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے

اس حوالے سے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی

1252768
دنیا کو مقبوضہ  کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے

مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج 15 اگست 2019 کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

یوم سیاہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اقدام کے خلاف احتجاج کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ بھارتی مذموم عزائم کو مسترد کرنے کیلئے پاکستان اور آزادکشمیر میں گھروں کی چھتوں پر اور گاڑیوں پر سیاہ جھنڈے لگائے جائیں گے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینار ہوں گے جن کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کی جنہیں گزشتہ دس روز سے بے انتہامظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کی حالت زار اجاگر کی جائے گی

ملک کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج دنیا بھر میں مقیم پاکستانی یوم سیاہ منائیں گے۔

اس حوالے سے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جبکہ قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز کے ظلم و جبر کے خلاف ملک کے تمام شہروں، دیہاتوں، گلی محلوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا اعلان کیا تھا اور مقبوضہ وادی میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کو معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا۔

بھارت نے خصوصی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ وادی میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے اور وادی کو جیل میں تبدیل کردیا تھا جبکہ 12 روز سے جاری کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔



متعللقہ خبریں