امریکہ: ہمیں شام کے شمال مغرب میں فائر بندی کے اعلان پر خوشی ہے

امریکہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ شامی بحران کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے اور صرف سیاسی حل ہی تمام شامیوں کے لئے ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کی یقین دہانی کروا سکتا ہے: مورگن اورتاگس

1247424
امریکہ: ہمیں شام کے شمال مغرب میں فائر بندی کے اعلان پر خوشی ہے

امریکہ کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں شام کے شمال مغرب میں فائر بندی کے اعلان پر اظہار ممنونیت کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اصل اہمیت کی حامل چیز شہریوں کو ہدف بنانے والے حملوں کا رُکنا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ  کی ترجمان مورگن اورتاگس نے  ادلب میں طے پانے والی فائر بندی کے بارے میں جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ "ہم، سوچی میں  ستمبر 2018 میں طے پانے والے فائر بندی کی بحالی کے موضوع پر ترکی اور روس کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔

فائر بندی سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس  کی کوششوں کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے اورتاگس نے کہا ہے کہ امریکہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ شامی بحران کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے اور صرف سیاسی حل ہی تمام شامیوں کے لئے ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کی یقین دہانی کروا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی زیر قیادت  سیاسی حل کی کوششوں کے ساتھ تعاون کرنا جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ قزاقستان کے دارالحکومت نور سلطان میں منعقدہ 13 ویں ضامن ممالک اجلاس میں ادلب ٹینشن فری زون میں شہری ہلاکتوں کے سدباب اور ضامن ممالک کے فوجی اہلکاروں کے تحفظ کے لئے ٹھوس تدابیر اختیار کرنے کے معاملے میں ترکی، روس اور ایران کے درمیان مفاہمت طے پا گئی تھی۔



متعللقہ خبریں