روس کی طرف سے 100 سے زائد فوجی اور 35 ٹن طبّی سامان وینزویلا پہنچ گیا

وزارت دفاع سے منسلک ایک فوجی نقل و حمل کے طیارے اور ایک جیٹ طیارے نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں مائیکٹیا انٹرنیشنل سائمن بولیوار ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی

1169778
روس کی طرف سے 100 سے زائد فوجی اور 35 ٹن طبّی سامان وینزویلا پہنچ گیا

روس نے فوجی ٹرانسپورٹ طیارے سے  وینزویلا کو 100 سے زائد فوجی اور 35 ٹن طبّی سامان بھیجا ہے۔

روس کے قومی ذرائع ابلاغ  کے مطابق وزارت دفاع سے منسلک ایک فوجی نقل و حمل کے طیارے اور ایک جیٹ طیارے نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں مائیکٹیا انٹرنیشنل سائمن بولیوار ائیر پورٹ  پر لینڈنگ کی۔

جیٹ طیارے میں 100 سے زائد فوجی  اور نقل وحمل کے طیارے میں 35 ٹن سے زائد طبّی سازو سامان موجود تھا۔

دعوے کے مطابق فوجیوں کی قیادت روس کی مسلح افواج  کے ہائی کمانڈر واسیلے تونکوشکروف  کر رہے تھے۔

روس کے فوجی نقل حمل کے طیارے اور جیٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا صفحات سے شئیر کی گئیں۔

دونوں ملکوں کے سرکاری  حکام کی طرف سے موضوع سے متعلق  تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے گذشتہ ہفتے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ہم روس سے مدد لیں گے۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے اسمبلی اسپیکر ہوان گوآئیڈو نے گذشتہ ماہ خود کو عبوری صدر اعلان کیا اور امریکہ سمیت آسٹریلیا، کینیڈا، کولمبیا، پیرو، ایکواڈور، پیراگوئے، برازیل، چلی، پاناما، ارجنٹائن، کوسٹا ریکا اور گوئٹے مالا  جیسے ممالک نے ان کی صدارت کو تسلیم کر لیا تھا۔

بعد ازاں یورپی پارلیمنٹ نے بھی گوآئیڈو کی صدارت کو تسلیم کر لیا۔

تاہم ترکی، میکسیکو، روس، ایران، کیوبا، چین اور بولیویا نے مادورو حکومت کے ساتھ تعاون کا اظہار کیا تھا۔

ان حالات کے جواب میں صدر مادورو نے بھی امریکہ کے ساتھ سفارتی و سیاسی تعلقات منقطع کرنے لیکن تجارتی تعلقات کے جاری رہنے کا اعلان کیا تھا۔

جواباً امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ وینزویلا   کے خلاف فوجی مداخلت بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔



متعللقہ خبریں