"سرحدی دیوار کا معاملہ "ٹرمپ ڈیموکریٹس پربرہم،اجلاس چھوڑ گئے

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر اور چوٹی کے ڈیموکریٹ قانون سازوں کے درمیان وائٹ باوس میں اجلاس جاری تھا جب ڈونالڈ ٹرمپ اچانک باہر چلے گئے

1122665
"سرحدی دیوار کا معاملہ "ٹرمپ ڈیموکریٹس پربرہم،اجلاس چھوڑ گئے

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر اور چوٹی کے ڈیموکریٹ قانون سازوں کے درمیان وائٹ باوس میں اجلاس جاری تھا جب ڈونالڈ ٹرمپ اچانک باہر چلے گئے۔

یہ ناخوشگوار صورتحال اُس وقت سامنے آئی جب ڈیموکریٹس نے ایک بار پھر امریکی۔ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم مختص کرنے کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا۔

 دیوار کی تعمیر کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کو ملک میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔

ایک ٹویٹر پیغام میں ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں ڈیموکریٹ قائد چَک شومر کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت کو ٹرمپ نے "وقت کا ضیاع" قرار دیا۔

صدر نے کہا کہ اُنھوں نے پوچھا اگر وہ 19 روزہ جزوی حکومتی بندش کو ختم کرنے پر اتفاق کریں تو وہ سرحد پر دیوار کی تعمیر یا فولادی باڑ لگانے  کی منظوری دیں گے لیکن جب نینسی  پلوسی نے  جواب دیا  کہ "نہیں" تو  میں  نے  انہیں الوداع  کہا  اور بتایا کہ اب کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے ۔

 دوسری جانب ،ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لیے جدید ترین نگرانی کے نظام کو نافذ کیا جائے جو زیادہ تر وسطی امریکی ملکوں سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوتے ہیں۔

نائب صدر مائیک پینس نے، جو اس ملاقات کے دوران موجود تھے کہا  کہ آج ہم نے ایک بار پھر ڈیموکریٹس کو سنا جو بات چیت پر رضامند نہیں ہیں۔

 صدر اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہیں تاکہ جنوبی سرحد پر بحرانی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

حالیہ دنوں کے دوران ٹرمپ اور کانگریس کے قائدین کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی۔

 یاد رہے کہ امریکہ  کے  اعلی سیاست دانوں  کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ ایسے وقت  میں ہوا جب امریکی تاریخ کا حکومتی بندش کا دوسرا طویل ترین بحران  جاری ہے۔

 



متعللقہ خبریں