ٹرمپ چین میں،250 ارب ڈالرز کے تجارتی معاہدے

امریکہ اور چین نے 250 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی معاہدے کیے ہیں جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو چین کی منڈیوں تک زیادہ رسائی ملنی چاہیے

844019
ٹرمپ چین میں،250 ارب ڈالرز کے تجارتی معاہدے

امریکہ اور چین نے 250 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی معاہدے کیے ہیں جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو چین کی منڈیوں تک زیادہ رسائی ملنی چاہیے۔

دونوں ملکوں کی کئی بڑی کمپنیوں کے مابین بیجنگ میں ہونے والی تجارتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب ژی جن پنگ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنے چینی ہم منصب کی اس یقین دہانی کی تعریف کی کہ چین غیر ملکی کمپنیوں کو اپنی منڈیوں تک زیادہ رسائی دے گا۔

صدر ٹرمپ نے چین اور روس سے شمالی کوریا کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ چین، شمالی کوریا  کے مسئلے کو زیادہ آسانی اور تیزی سے حل کرسکتا ہے۔

انہوں نے چین سے شمالی کوریا کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا  کو جوہری  اسلحے کی تیاری سے باز رکھنے کے لیے چین کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنے خطاب میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کی شمولیت کے لیے چینی معیشت کو مزید شفاف اور وسیع کیا جائے گا۔

اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے کئی بار چینی صدر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہت خاص شخصیت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور چینی صدر مل کر دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو متوازن بنائیں گے جس کا دونوں  عوام  کو بہت فائدہ ہوگا۔

صدر جن پنگ نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ چین، شمالی کوریا کے مسئلے کا بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔

 



متعللقہ خبریں