انسان اپنی مرضی کی خصوصیات کا مالک بن سکے گا اور یہ پیش رفت ایٹم بم سے زیادہ خوفناک ہو گی

ابن آدم کو ہرگز اخلاقی اقدار کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اخلاق کی عدم موجودگی انسان کی بربادی  کی راہ ہموار کرے گی: صدر ولادی میر پوٹن

831812
انسان اپنی مرضی کی خصوصیات کا مالک بن سکے گا اور یہ پیش رفت ایٹم بم سے زیادہ خوفناک ہو گی

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں انسان اپنی مرضی کی خصوصیات کا مالک بن سکے گا اور یہ پیش رفت ایٹم بم سے زیادہ خوفناک ہو گی۔

روس کے شہر سوچی میں رواں سال 19 ویں دفعہ منعقدہ  نوجوانوں اور طالبعلموں کے عالمی  میلے میں شرکاء سے خطاب میں پوٹن نے کہا ہے کہ "فرض کریں کہ انسان مطلوبہ خصوصیات کے حامل ایک انسان کو تخلیق کر سکتا ہے۔ یہ شخص انتہائی ذہین ریاضی دان یا موسیقار ہو سکتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ خوف، افسردگی، مہربانی جیسے احساسات سے محروم ایک بے رحم جنگجو بھی ہو سکتا ہے۔

پوٹن نے کہا کہ ابن آدم مستقبل قریب میں اپنی ترقی اور ثبات کے ایک ایسے دور میں داخل ہو گا کہ جو اس سے بہت ذمہ داری کا متقاضی ہو گا۔  اور جن پیش رفتوں کا میں نے ذکر کیا ہے وہ ایٹم بم کی دریافت سے زیادہ خوفناک شکل اختیار کر سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ صدر پوٹن نے نئی ٹیکنالوجی کے موئثر استعمال اور وسیع اطلاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابن آدم کو ہرگز اخلاقی اقدار  کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اخلاق کی عدم موجودگی انسان کی  بربادی  کی راہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ" کسی کام کو کرتے ہوئے خواہ وہ کوئی بھی کام ہو اخلاقی بنیادوں کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ ہمارے کام ہمارے لئے مفید ہونے چاہئیں انہیں  انسانیت کی بربادی کا  نہیں مضبوطی کا سبب بننا چاہیے"۔



متعللقہ خبریں