امریکہ: قاتل نے قتل کی لمحہ بہ لمحہ ویڈیو بنا کر فیس بک پر شئیر کر دی

سٹیون سٹیفنس  نامی 37 سالہ سیاہ فام  نے قتل کی یہ دہشت ناک واردات  عیسائیوں کے سب سے بڑے دینی تہوار ایسٹر کے موقع پر کی، پیسلوانیا، نیویارک، انڈیانا اور میکنگن کے رہائشیوں سے محتاط رہنے کی اپیل

715292
امریکہ: قاتل نے قتل کی لمحہ بہ لمحہ ویڈیو بنا کر فیس بک پر شئیر کر دی

امریکہ کے شہر کلیو لینڈ میں ایک شخص نے قتل کی واردات کی ویڈیو بنا کر فیس بک پر شئیر کر دی۔

سٹیون سٹیفنس  نامی 37 سالہ سیاہ فام  نے قتل کی یہ دہشت ناک واردات  عیسائیوں کے سب سے بڑے دینی تہوار ایسٹر کے موقع پر کی۔

کلیو لینڈ  پولیس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق سٹیفن نے ایک 74 سالہ رابرٹ گوڈوین نامی سیاہ  فام شخص کو راستے میں روک کر قتل کیا اور قتل کی واردات کی لمحہ بہ لمحہ   ویڈیو کو فیس بک سے نشر کرنے کے بعد ٹیلی فون کو بند کر کے روپوش ہو گیا۔

پولیس نے کلیو لینڈ کے باسیوں کو گھروں میں رہنے کی تنبیہ کی ہے  اور قاتل کو گرفتار کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

فیس بک سے براہ راست نشر کی گئی قتل کی واردات کے دوران سٹیفن نے مزید 13 افراد کو قتل کرنے کا بھی ذکر کیا ہے۔

فیس بک کے حکام کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مذکورہ ویڈیو کوانٹر نیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے اور مشتبہ شخص کے بارے معلومات  سکیورٹی یونٹوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

کلیو لینڈ کی پولیس سٹیفن کو گرفتار کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوئی تاہم تلاش کی کاروائیوں کو ملک بھر میں پھیلا دیا  گیا ہے۔

بلدیہ مئیر جیکسن نے سٹیفن کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کے لئے 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

جیکسن نے سٹیفن کے خطرناک  ہونے کے حوالے سے تنبیہات کی ہیں اور پیسلوانیا، نیویارک، انڈیانا اور میکنگن کے رہائشیوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔



متعللقہ خبریں