یونان میں بیل آوٹ پیکیج کے بارے میں آج ریفرنڈم

یونان میں آج اتوار کے روز ملکی ووٹر بین الاقوامی بیل آؤٹ پیکج کی شرائط کو قبول یا مسترد کرنے سے متعلق ریفرنڈم میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ جمعے کے روز سامنے آنے والے عوامی جائزوں کے مطابق اس موضوع پر رائے دہندگان تقریباﹰ ایک جیسی تعداد میں تقسیم کا شکار ہیں

332724
یونان میں بیل آوٹ  پیکیج  کے بارے میں آج  ریفرنڈم

یونان میں آج اتوار کے روز ملکی ووٹر بین الاقوامی بیل آؤٹ پیکج کی شرائط کو قبول یا مسترد کرنے سے متعلق ریفرنڈم میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
جمعے کے روز سامنے آنے والے عوامی جائزوں کے مطابق اس موضوع پر رائے دہندگان تقریباﹰ ایک جیسی تعداد میں تقسیم کا شکار ہیں۔
ا س عوامی ریفرنڈم کے انعقاد کا اعلان یونانی وزیر اعظم الیکسِس سِپراس کی حکومت نے یورو زون، یورپی مرکزی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نئے قرضوں سے متعلق اپنی کئی مرتبہ کی بات چیت کے بے نتیجہ رہنے کے بعد کیا تھا۔
یونانی حکومت کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ قرض دہندگان کی شرائط اور مطالبات کو مسترد کر دیں۔
اس ریفرنڈم میں یونانی رائے دہندگان سے یہ پوچھا گیا ہے کہ آیا انہیں قرض دہندگان کی طرف سے یونان کے سامنے رکھی گئی بیل آؤٹ کی شرائط منظور ہیں۔ ان شرائط میں یونانی حکومت سے خود کو بہت سخت بچتی اقدامات کا پابند بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
ایتھنز سے ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق اس ریفرنڈم میں یونانی ووٹروں نے رائے دہی کا آغاز آج اتوار پانچ جولائی کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بجے کر دیا تھا اور یہ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے اور مغربی یورپی وقت کے مطابق شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔
مختلف یورپی دارالحکومتوں سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یورو زون میں یونان کے ساتھی باقی 18 ممالک اور یورپی یونین میں مجموعی طور پر باقی 27 رکن ممالک میں عام شہری اور حکومتیں آج کے ریفرنڈم کے نتائج کا بڑی بےچینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسی رائے دہی کے نتیجے میں یہ واضح ہو سکے گا کہ ایتھنز میں سِپراس حکومت کی آئندہ حکمت عملی کیا ہو گی اور یورپی یونین میں طویل المدتی بنیادوں پر یونان کی یورو زون کی رکنیت کا مستقبل کیا ہو گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں