سلوواکیہ کے وزیراعظم کی حالت سنبھل گئی ہے:نائب وزیراعظم

رابرٹ فیکو کے قریبی سیاسی اتحادی رابرٹ کالینک نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کی جان خطرے سے باہر ہے لیکن ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے

2141340
سلوواکیہ کے وزیراعظم کی حالت سنبھل گئی ہے:نائب وزیراعظم

سلوواکیہ کے نائب وزیر اعظم رابرٹ کالینک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم رابرٹ فیکو کی جان کو قاتلانہ حملے کے بعد اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خبر کے مطابق، رابرٹ فیکو فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے کے بعد سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں، اس واقعے میں انہیں پیٹ پر 4 گولیاں لگی تھیں۔

 رابرٹ فیکو کے قریبی سیاسی اتحادی رابرٹ کالینک نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کی جان خطرے سے باہر ہے لیکن ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔

وسطی شہر بنسکا بسٹریکا کے ایک ہسپتال میں زیر علاج سلوواکیہ کے وزیر اعظم کی بدھ کو اور جمعہ کو سرجری کی گئی تھی۔

وزیر داخلہ میٹس سوتاج نے بتایا کہ اگر گولیوں میں سے ایک بھی گولی صرف چند سینٹی میٹر اوپر جاتی تو یہ وزیر اعظم کے جگر پر لگ جاتی۔

واضح رہے کہ 15 مئی کو سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو ایک سرکاری اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جاتے ہوئے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔



متعللقہ خبریں